تاندلیانوالہ: پاسکو کے گودام سے گندم چوری، 4 افسر اور ملازم گرفتار
ایف آئی اے اینٹی کرپشن ونگ کی کارروائی ، اسسٹنٹ پرچیز انسپکٹر شمشیر علی، چوکیدار محمد سہیل، کاشف اور علی شیر گرفتار گندم میں مٹی کی ملاوٹ کی گئی،پرائیویٹ ڈیلر کے گودام سے 1350 سے زائد خالی سرکاری بیگز بھی برآمد ،تحقیقات جاری
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ایف آئی اے اینٹی کرپشن ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے پاسکو کے سرکاری گوداموں سے کروڑوں روپے مالیت کی گندم خوردبرد کرنے کے الزام میں 4 افسروں و ملازمین کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن ونگ نے تاندلیانوالہ میں قائم پاسکو کے گوداموں سے سرکاری گندم خوردبرد اور چوری کرنے کے الزام میں کارروائی کی ۔گرفتار کئے گئے ملازمین اور افسروں میں اسسٹنٹ پرچیز انسپکٹر شمشیر علی، چوکیدار محمد سہیل، کاشف اور علی شیر شامل ہیں۔ ایف آئی اے تفتیشی ٹیم کے مطابق ملز موں کی جانب سے مبینہ طور پر 12 ہزار سے زائد سرکاری گندم کی بوریاں نہ صرف خوردبرد کی گئیں، بلکہ گندم میں مٹی کی ملاوٹ بھی کی گئی۔ جبکہ تفتیش کے دوران گرفتار ملز موں کی جانب سے مبینہ طور پر پرائیویٹ ڈیلر کے گودام سے 1350 سے زائد خالی سرکاری بیگز بھی برآمد کروائے گئے ۔ ایف آئی اے تفتیشی ٹیم کے مطابق ملز موں سے دوران تفتیش مزید انکشافات سامنے آئیں گے جس کے تحت مزید افسر ا و رملازمین بھی قانون کی گرفت میں آ سکتے ہیں ۔