9 مئی کو دہشتگردی سچ ہے تو کمیشن سے خوف کیوں:اچکزئی

9 مئی کو دہشتگردی سچ ہے تو کمیشن سے خوف کیوں:اچکزئی

جو رشتے ملک کو جوڑے ہوئے ہیں جب وہی کاٹے جائینگے تو ریاست کیسے چلے گی ؟ نواز شریف کا خاندان الیکشن ہار چکا ، پھر بھی اقتدار سے چمٹے ہوئے :میڈیا سے گفتگو

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے ریاست کا مؤقف ہے کہ 9مئی کو دہشتگردی ہوئی۔ مگر اب سوشل میڈیا پر فارنزک رپورٹ گردش کر رہی ہے جس میں وزیراعلیٰ کے پی کے ، تیمور علی جھگڑا اور بنگش کی تصاویر  سامنے آئی ہیں، دعویٰ ہے کہ ریڈیو پاکستان کے واقعے کے وقت وہ موقع پر موجود تھے ۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا 9 مئی کو اگر واقعی دہشتگردی ہوئی تھی تو پھر شفاف تحقیقات اور جوڈیشل کمیشن سے انکاری کیوں؟ ،جیل میں موجود عمران خان خود کہہ رہا ہے تحقیقات کرو، جو قصوروار ہو اسے سزا دو۔ دہشت گردی ہر صورت قابلِ مذمت ہے ، چاہے فرد کرے یا ریاست۔ اگر سچ ہے تو کمیشن سے خوف کیوں؟ ۔محمود خان اچکزئی نے مزید کہا جو رشتے اس ملک کو جوڑے ہوئے ہیں جب وہی کاٹے جائیں گے تو ریاست کیسے چلے گی ؟ ،آئین دراصل ریاست اور عوام کے درمیان ایک سماجی معاہدہ ہے ۔ نواز شریف اور ان کا پورا خاندان الیکشن ہار چکا ہے ، مگر پھر بھی اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں۔ کیا انہیں اپنے بچوں کے سامنے بھی شرم نہیں آتی کہ اصل میں جیت کسی اور کی تھی؟ ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں