13ویں پاک امریکا مشترکہ فوجی مشق انسپائرڈ گیمبٹ کا انعقاد

13ویں پاک امریکا مشترکہ فوجی مشق انسپائرڈ گیمبٹ کا انعقاد

این سی ٹی سنٹر پبی میں مشق کے سلسلے میں معززمہمانوں کے دن کی تقریب امریکی سفیر نیٹلی بیکر ،فوجی حکام اور کمانڈر راولپنڈی کور کی خصوصی شرکت

راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)پاک فوج اور امریکی فوج کے درمیان مشترکہ فوجی مشق انسپائرڈ گیمبٹ 2026کا 8 سے 16 جنوری تک انعقاد کیاگیاجس کا آج آخری دن ہوگا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دو ہفتوں پر مشتمل یہ مشق انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں تعاون پر مرکوز تھیں، 1995 سے جاری دو طرفہ تربیتی سلسلے کی 13ویں کڑی ہے ،گزشتہ روز نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم(این ٹی سی)سنٹر پبی میں مشق کے سلسلے میں معزز مہمانوں کے دن کی تقریب ہوئی۔

اس موقع پر امریکا کی پاکستان میں قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر، اعلیٰ امریکی فوجی حکام اور کمانڈر راولپنڈی کور نے شرکت کی۔مہمانوں کو مشق کے دائرہ کار، مقاصد اور انعقاد کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دونوں افواج کے شرکا نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ،جسے معزز مہمانوں نے سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس مشق کا مقصد انسدادِ دہشت گردی کے تجربات کے تبادلے ، طریقہ کاراور مشقوں میں بہتری اور دونوں افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی کو فروغ دے کر دوطرفہ عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں