چیف جسٹس کی زیر صدارت اجلاس، ڈیٹاسنٹر کے قیام کا جائزہ

چیف جسٹس کی زیر صدارت  اجلاس، ڈیٹاسنٹر کے قیام کا جائزہ

اسلام آباد(اے پی پی)سپریم کورٹ میں چیف جسٹس یحیی آ فریدی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں عدالت کے آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے انٹرپرائز لیول ڈیٹا سنٹر کے قیام سے متعلق تجویز کا جائزہ لیا گیا۔

یہ ڈیٹا سنٹر ہائپر کنورجڈ انفراسٹرکچر (ایچ سی آئی )پر مبنی ہوگا۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں بتایا گیا کہ مجوزہ نظام کا مقصد عدالتی نظام میں ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دینا، ڈیٹا سکیورٹی کو مضبوط بنانا اور سپریم کورٹ کے آئی ٹی سسٹمز کی آپریشنل استعداد اور تسلسل کو یقینی بنانا ہے ۔اجلاس میں وفاقی سیکرٹری برائے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن ضرار ہاشم خان نے شرکت کی اور سکیل ایبل، کم لاگت ،مستقبل سے ہم آہنگ اور بین الاقوامی معیار کے انفراسٹرکچر سے متعلق ماہرانہ رائے دی ۔ انہوں نے نیشنل جوڈیشل ڈیش بورڈ پر پیش رفت سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ ڈیش بورڈ ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلوں میں معاون ثابت ہو رہا ہے اور انصاف کے شعبے میں باہمی رابطہ کاری کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن سپریم کورٹ کے آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ قریبی تعاون سے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر کام کرے گی، جن میں ڈیٹا سنٹر کا قیام، ایچ سی آئی سلوشن کی تنصیب اور کم خرچ، پائیدار اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپلی کیشنز کی تیاری شامل ہے تاکہ عدالتی نظام میں کارکردگی، شفافیت اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں