مسافروں کو انتظار کرنا پڑتا، بسیں بڑھائی جائیں : مریم نواز ، ای وی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح
1500نئی بسوں کیلئے ٹائم لائن طلب کر لی،الیکٹروبس چارجنگ سسٹم جلد از جلد شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی ہدایت گرین بس کی لانچنگ سے پنجاب میں رائیڈر شپ کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ، وزیر اعلیٰ ،جدید ترین واشنگ پلانٹ کا بھی مشاہدہ
لاہور (سٹاف رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی ہیڈکوارٹرز اور ای وی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کر دیا۔وزیراعلیٰ نے الیکٹروبس کے جدید ترین آٹومیٹک واشنگ پلانٹ کا مشاہدہ کیا۔ یو ٹونگ کمپنی کے جدید ترین 160کلوواٹ چارجنگ سٹیشن سے 105منٹ میں الیکٹرک بس کو چارج کیا جاتا ہے ۔مریم نواز نے گرین الیکٹروبس کے نئے روٹس دریافت ،الیکٹروبس چارجنگ سسٹم جلد از جلد شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی ہدایت کی۔مریم نواز نے 1500نئی بسوں کیلئے ٹائم لائن طلب کر لی اور گرین بس پراجیکٹ کے کاربن کریڈٹس کلیم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلی ٰنے کہا کہ سپیشل افراد کی معاونت کرنے والے الیکٹروبس کے عملے کا جذبہ قابل تحسین ہے ۔گرین بس کی لانچنگ سے پنجاب میں رائیڈر شپ کے ریکارڈ ٹوٹ گئے ۔ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں جلد از جلد میٹرو بس سروس پراجیکٹ کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔ مختلف مقامات پر مسافروں کو انتظار کرنا پڑتا ہے ، مزید بسیں بڑھائی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ الیکٹروبس کے ذریعے عوام کو آرام دہ سفر کی بہترین سہولت میسر ہے ۔ حکومت پنجاب عوام بالخصوص بچوں اور خواتین کی سہولت اور تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے ۔ سمارٹ ٹریول سسٹم عوام کیلئے آسان اور تیزسفری سہولت فراہم کررہا ہے ۔الیکٹرک بسیں فضائی آلودگی اور سموگ میں کمی کا باعث بن رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کیلئے صاف، محفوظ اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ اولین ترجیح ہے ۔ سی ای او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کوثر خان نے تفصیلی بریفنگ دی ، جس میں بتایاگیا کہ پنجاب میں ایک کروڑ55لاکھ سے زائد مسافر الیکٹروبس پر سفر کر چکے ہیں۔ الیکٹروبس پر38 خواتین اور 15لاکھ سے زائد طلبہ مفت سفر سے مستفید ہوچکے ہیں۔الیکٹروبس پر تقریباًساڑھے 7 لاکھ بزرگ اور3 لاکھ سپیشل افراد بھی مفت سفر کر چکے ہیں۔
ہر الیکٹروبس میں 6 کیمروں سے ڈیجیٹل نگرانی کی جاتی ہے ۔آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے الیکٹروبس کے ہر ڈرائیور کی مانیٹرنگ کی جاتی ہے ۔ پنجاب بھر میں 80 ہزار سے زائد افراد کو ٹی کیش کارڈ جاری ہوچکے ہیں۔ حکومت پنجاب نے خواتین کی معاشی خودمختاری کیلئے پراجیکٹ قائم کیا۔ ٹی کیش کارڈ کے ذریعے پنجاب بھر میں کیش لیس اور پیپر لیس سفر ممکن ہوگا۔ ایک ہی سمارٹ کارڈ سے مختلف پبلک ٹرانسپورٹ سروسز پر سفر کی سہولت ملے گی۔