میاں بیوی کی لڑائی میں بچے زیادہ متاثر : سپریم کورٹ
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ میں میاں بیوی کے درمیان تنازع سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے والد کی درخواست پر بیٹی سے ملاقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ والد اور بیٹی کی ملاقات یہیں کمرہ عدالت میں کرائی جائے۔
دوران سماعت والد نے عدالت کو بتایا کہ اس کی بیٹی اس وقت کمرہ عدالت میں موجود ہے اور اس سے ملاقات کرائی جائے ۔ جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ اتنا ظلم بھی تو نہیں ہونا چاہیے ، یہی مسئلہ ہوتا ہے کہ میاں بیوی کی لڑائی میں سب سے زیادہ بچے متاثر ہوتے ہیں، عدالت نے والد اور بیٹی کی ملاقات کمرہ عدالت میں ہی کرانے کی ہدایت کی، بعد ازاں مزید سماعت ملتوی کر دی گئی۔ ادھر سپریم کورٹ کے جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ڈپلومیٹک انکلیو میں وزیراعلیٰ اور گورنر بلوچستان کیلئے مہمان خانے کی تعمیر کے کیس میں نجی تعمیراتی کمپنی کی درخواست خارج کر دی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ٹرائل کورٹ معاملے پر عدالتی کارروائی سے متاثر ہوئے بغیر فیصلہ کرے۔