امن وامان ترجیح:آئی جی عبدالکریم،تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری
اکھاڑ پچھاڑ پر یقین نہیں رکھتا،اچھا کام کرنیوالا میری ٹیم کا حصہ، بہتری نظر آئیگی:گفتگو عثمان انور ڈی جی ایف آئی اے مقرر،رفعت مختارکو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کا حکم
لاہور(کرائم رپورٹر،دنیا نیوز)راؤ عبدالکریم کو آئی جی پنجاب اور عثمان انور کو ڈی جی ایف آئی اے تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا،آئی جی پنجاب پولیس راؤ عبدالکریم نے عہدہ سنبھالنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میری ترجیحات لاء اینڈ آرڈر کو کنٹرول کرنا ہے ،میری ترجیح ہو گی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق جو کام شروع کئے گئے ہیں انکو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ۔میری ترجیحات پولیس کی ویلفیئر کیلئے اقدامات کرنا ہے ، زیادہ اکھاڑ پچھاڑ پر یقین نہیں رکھتا۔راؤ عبدالکریم کا کہنا تھا کہ جو اچھا کام کرے گا وہ میری ٹیم کا حصہ ہو گا، جو اچھا کام نہیں کرے گا اس کو تبدیل کیا جائے گا، پنجاب پولیس میں انشائاللہ بہتری نظر آئے گی۔دوسری جانب بطور آئی جی پنجاب 3 سال سے زائد کا دورانیہ گزارنے والے ڈاکٹر عثمان انور کو ڈی جی ایف آئی اے تعینات کیا گیا ہے ،ان سے پہلے راجہ رفعت مختار ڈی جی ایف آئی اے تعینات تھے جنہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔