دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے :چین
اسحاق ڈار سے چینی سفیر کی ملاقات ،علاقائی و عالمی امور پر مشاورت پر اتفاق
بیجنگ ،اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں مانیٹرنگ ڈیسک)چین نے بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے ،ترجمان چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے اور معاشی استحکام، عوام کے تحفظ کیلئے چین پاکستان کی حمایت کرتا رہے گا۔دریں اثنا نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے چینی سفیر ژیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسحاق ڈار نے اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان آہنی اور ہر موسم کی تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ قریبی سفارتی، معاشی اور تزویراتی تعاون کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے ۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔