قومی پولیو مہم:پہلے دن 1کروڑ 36لاکھ بچوں کو قطرے پلائے گئے
اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) وزارت قومی صحت کی 2026 کی پہلی قومی پولیو مہم کے پہلے دن ایک کروڑ 36 لاکھ بچوں کو انسداد پولیوکے قطرے پلائے گئے ، نیشنل ای او سی کے مطابق 4 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں۔
، یہ مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت منعقد کی جا رہی ہے ۔ نیشنل ای او سی کے مطابق مہم کے پہلے روز صوبہ پنجاب میں 73 لاکھ 77 ہزار، سندھ میں 30 لاکھ 2 ہزار، خیبر پختونخوا میں 22 لاکھ 75 ہزار، بلوچستان میں 5 لاکھ 59 ہزار، اسلام آباد میں ایک لاکھ 53 ہزار، گلگت بلتستان میں تقریباً 82 ہزار اور آزاد جموں و کشمیر میں 2 لاکھ 33 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں۔ نیشنل ای او سی نے والدین سے اپیل کی کہ پولیو ورکرز کے لیے دروازے کھولیں اور اپنے بچوں کو لازمی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائیں کیونکہ پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جو بچوں کو زندگی بھر کے لیے معذور بنا سکتی ہے ۔