این ایچ اے میں شفافیت کیلئے ای فائلنگ سسٹم نافذ کرنیکا فیصلہ
تمام ونگز پابند، ٹینڈرز منتقلی، ایم آئی ایس معاونت اور عملے کی تربیت بھی شامل
اسلام آباد (ایس ایم زمان) نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے ) نے سرکاری امور میں شفا فیت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ای فائلنگ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر این ایچ اے نے اس حوالے سے باقاعدہ احکامات جاری کر دئیے ۔ہدایات کے مطابق این ایچ اے کے تمام ونگز اور سیکشنز کو پابند کیا گیا ہے کہ سرکاری فائلیں اور امور ای فائلنگ سسٹم کے ذریعے انجام دئیے جائیں۔ اسی طرح این ایچ اے کے ٹینڈرز کو بھی مرحلہ وار ای فائلنگ نظام پر منتقل کیا جائے گا۔ای فائلنگ سسٹم کے مؤثر نفاذ کے لیے این ایچ اے کا ایم آئی ایس شعبہ تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ اس مقصد کے لیے این ایچ اے کے مختلف شعبوں اور ونگز میں مجموعی طور پر 80 سکینرز فراہم کیے گئے ہیں تاکہ سرکاری ریکارڈ سکین کر کے آن لائن اپ لوڈ کیا جا سکے ۔مزید برآں ایم آئی ایس سیکشن افسران اور عملے کے لیے آئی ٹی اور ای فائلنگ سے متعلق تربیتی کورسز بھی منعقد کرے گا تاکہ افسران اور ملازمین سسٹم کا مؤثر اور بہتر استعمال کر سکیں۔