کسان کیلئے سینیٹ ، قومی اسمبلی میں آواز اٹھا ئینگے :پیپلز پارٹی
حکومت کو کسانوں کی مشکلات سمجھ نہیں آ رہیں، 10دن انتظار کرینگے ، ندیم چن
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) پا کستان پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت سے کسانوں کو زرعی پیکیج دینے ،آلو خریداری، سود معاف، قرض دینے کا مطالبہ کردیا۔اسلام آباد میں چودھری منظور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ حکمرانوں کو سادہ سی معیشت سمجھ نہیں آتی، کسان، مزدور، تنخواہ دار اور پنشنر اپنے پاس پیسے نہیں رکھتا، کسانوں کو زرعی پیکیج کی ضرورت ہے ،پیپلز پارٹی کسان کے ساتھ کھڑی ہے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھرپور آواز اٹھائیں گے ہم 3مطالبات رکھ رہے ہیں ایک تو فوری زرعی پیکیج دیا جائے ، دوسرا حکومت آلو خریدے ، تیسرا مطالبہ ہے کہ کسانوں کے لیے سود معاف کریں اور قرضے دیں ۔ندیم افضل چن نے کہا کہ حکومت قومی اداروں کے خلاف گہری سازشیں کر رہی ہے ، حکومت زرعی بینک کی نجکاری اور پاسکو کو ختم کرنے جا رہی ہے ، حکومت عام آدمی کو سہولتوں کی بجائے مشکلات دے رہی ہے ، ملک بھر میں کسان تنظیمیں سراپا احتجاج ہیں، حکومت اور بیوروکریسی کے بابوں کو کسانوں کی مشکلات سمجھ نہیں آ ر ہی ، آج ہم پریس کانفرنس کر رہے ہیں صرف 10دن انتظار کریں گے ۔