آزاد کشمیر کو تحریک آزادی کا بیس کیمپ بنایا جائے : حافظ نعیم

آزاد کشمیر کو تحریک آزادی کا بیس کیمپ بنایا جائے : حافظ نعیم

ٹرمپ کی کشمیر پر ثالثی کے بارے بتایا جائے اس کا کیا بنا؟ امیر جماعت اسلامی فوج غزہ نہ بھیجی جائے ،قوم کو حکمرانوں کے یکطرفہ فیصلے قبول نہیں:خطاب

لاہور(این این آئی)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں ، پاکستان کے حکمران ٹرمپ کی خوشنودی کے چکر میں پڑے رہنے کے بجائے کشمیر پر اپنی ذمہ داری پوری کریں ،آزاد کشمیر کو حقیقی معنوں میں تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنایا جائے ۔ جماعت اسلامی اور پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مال روڈ پر یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں خواتین ، بچوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین ڈاکٹر سمیعہ راحیل قاضی نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے حکمرانوں کو باور کرایا کہ یوم یکجہتی کشمیر کو چھٹی یا رسم کے طور پر نہ منائیں بلکہ مقبوضہ وادی کے عوام کو بھارتی تسلط اور ظلم سے نجات دلانے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے بعد قوم کو بتایا گیا تھا کہ ہندوستان سے پانی کے حق پر بات ہوگی۔

انہوں نے سوال کیا کہ تاحال اس مسئلہ پر کیا پیش رفت ہوئی، اسی طرح ٹرمپ کی کشمیر پر ثالثی کے حوالے سے بھی بتایا جائے کہ اس کا کیا بنا؟۔ حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر پر حق خود ارادیت کے علاوہ کسی قسم کی ثالثی قبول نہیں کی جائے گی۔ قوم کو حکمرانوں کے یکطرفہ فیصلے قبول نہیں۔ پاکستانی فوج کو غزہ نہ بھیجا جائے ، اگر فوج غزہ گئی تو اسے چاہتے نہ چاہتے ہوئے حماس کو غیر مسلح کرنے کے عمل کا حصہ بننا پڑے گا ، واضح کردینا چاہتا ہوں کہ پاکستانی قوم حکمرانوں کے اس عمل کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں