پاکستان نے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی صدارت سنبھال لی
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)پاکستان نے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی صدارت باضابطہ طور پر سنبھال لی، یہ اعلان ڈی سی او کی پانچویں جنرل اسمبلی کے موقع پر تقریب میں کیا گیا جس میں 16 رکن ممالک کے وزرا اور سرکاری حکام نے شرکت کی۔
پاکستان کی جانب سے وزیرِ مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے صدر کا عہدہ سنبھالا۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان ڈیجیٹل تعاون، سائبر سکیورٹی، ڈیجیٹل شمولیت، ڈیٹا گورننس اور مصنوعی ذہانت جیسے اہم شعبوں میں رکن ممالک کے درمیان قریبی اور مؤثر اشتراک کو فروغ دے گا۔ پاکستان کی صدارت میں ڈی سی او نوجوانوں اور خواتین کو ڈیجیٹل مواقع فراہم کرنے اور تمام رکن ممالک کو ڈیجیٹل انقلاب کے ثمرات سے استفادہ کیلئے عملی اقدامات کرے گی۔ شزا فاطمہ خواجہ نے بعد ازاں گفتگو کرتے ہوئے کہا اس کے ذریعے پاکستان کو عالمی سطح پر ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور سکلز ڈویلپمنٹ کے حوالے سے اپنا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ وفاقی وزیر نے سعودی عرب کے کردار پر گفتگو میں کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ دوست ہے اور ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی قیادت میں بھی سعودی عرب کا اہم کردار ہے ۔ سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو نئی وسعت ملی ہے۔