میچ کیلئے کولمبو جائینگے:سوریا،حکومتی فیصلے کا احترام:سلمان

میچ کیلئے کولمبو جائینگے:سوریا،حکومتی فیصلے کا احترام:سلمان

ہم نے کھیلنے سے منع نہیں کیا، انکار پاکستان کی طرف سے کیاگیا:بھارتی کپتان ،بنگلہ دیش کی حمایت کے شکر گزار ،انکاایونٹ میں نہ ہوناافسوسناک:پاکستانی قائد

 لاہور(سپورٹس ڈیسک )بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستان کے بائیکاٹ کے اعلان کے باوجود کہا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان سے میچ ہو یا نہ ہم کولمبو جائیں گے جبکہ پاکستانی قائد سلمان آغانے کہاہے کہ ہم حکومتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ ۔کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ممبئی میں میڈیا کو بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کولمبو جائے گی چاہے میچ ہو یا نہ ہو۔ ہمارا ذہن بالکل واضح ہے ، ہم نے ان کے ساتھ کھیلنے سے منع نہیں کیا، انکار پاکستان کی طرف سے کیا گیا ہے ، آئی سی سی نے شیڈول بنایا ہے ، بی سی سی آئی(بھارتی کرکٹ بورڈ) اور حکومت نے آئی سی سی سے ہم آہنگی کے ساتھ غیرجانب دار مقام پر کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ہماری ٹکٹیں بک ہوچکی ہیں، ہم جا رہے ہیں بعد میں دیکھیں گے کیا ہوتا ہے ۔ادھرقومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ سے متعلق سوال پر کہا کہ بھارت کے خلاف میچ سے متعلق فیصلہ حکومت نے کرنا ہے اور ہم حکومت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

کولمبو میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیشی ہمارے بھائی ہیں، ہم پاکستان کیلئے بنگلہ دیش کی حمایت کے شکر گزار ہیں، یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ وہ ٹورنامنٹ میں نہیں کھیل رہے ہیں۔ بھارت کے ساتھ میچ ہوگا یا نہیں اس کا اندازہ نہیں، جو حکومت کہے گی اس کے مطابق ہی چلیں گے تاہم بنگلہ دیش ٹیم کا میگاایونٹ میں نہ ہونا افسوس ناک ہے ۔ بطور کپتان یہ میرا پہلا ورلڈکپ ہے جس کے لیے بہت پرجوش ہوں اور امید ہے میری کپتانی میں ٹیم اچھا کھیل پیش کرے گی۔ ہم ایشیا کپ کے بعد سے اچھا کھیل پیش کررہے ہیں، پچھلے 6 ماہ سے اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، اس مرتبہ ٹیم اچھا کھیل رہی ہے ، امید ہے اچھی کارکردگی دکھائیں گے اور امید ہے باقی ٹیموں کے خلاف اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ سری لنکا میرے دوسرے گھر کی طرح ہے اور لوگ بہت اچھے اخلاق والے ہیں، یہاں آ کر ہمیشہ اچھا محسوس کیا ہے ۔واضح رہے کہ روایتی حریف بھارت اور پاکستان کا میچ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں