احتجاج کی اجازت،سڑکیں بند کرنے نہیں دینگے ، وزیراعلیٰ سندھ
احتجاج کیلئے کئی مقامات ہیں ، عوام کو تکلیف پہنچانے نہیں دیں گے ،مراد شاہ،گفتگو کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام، قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی،ریلی سے خطاب،بیان
کراچی(آئی این پی ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہر شخص کو احتجاج اور جلسے جلوسوں کی اجازت ہے لیکن آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی کو سڑکیں بند نہیں کرنے دیں گے ۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں مراد علی شاہ نے کہا کہ احتجاج کے لیے کئی مقامات ہیں، مرکزی سڑکوں پر احتجاج نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو احتجاج اور جلسے جلوسوں کی اجازت ہے لیکن آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی کو سڑکیں نہیں بند کرنے دیں گے اور نہ ہی عوام کو تکلیف پہنچانے دیں گے۔
؎علاوہ ازیں یوم کشمیر کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، ہماری جدوجہد کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گی ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔ پیپلز پارٹی کی سیاست کی بنیاد ہی کشمیر کاز سے جڑی ہے ۔وزیرِ اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو حقِ خودارادیت ملنا ان کا بنیادی حق ہے ۔ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ۔