مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا : عظمٰی بخاری
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پانچ فروری یومِ یکجہتی کشمیر کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں اور بھارتی مظالم کے خلاف جدوجہد کی علامت ہے، پوری قوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا، جہاں کشمیری عوام بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں ،بھارتی افواج کے ظلم و ستم کے باوجود کشمیری سات دہائیوں سے اپنے حقِ خودارادیت کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں اور آٹھ لاکھ بھارتی فوج ان کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت بھی کی جس میں پارلیمانی سیکرٹری شازیہ رضوان، سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی،ڈی جی پی آر شیخ فرید احمد، رضی احمد، نواز گوندل، محبوب عالم ، عباس تابش، کشمیری رہنماؤں اور شہریوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر شرکاء نے کشمیریوں کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔ عظمٰی بخاری نے مزید کہا کہ کشمیری نوجوان اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں جبکہ کشمیری ماؤں اور بہنوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، مگر ان کا حوصلہ آج بھی بلند ہے ، پاکستان ہر سفارتی، اخلاقی اور انسانی ہمدردی کی سطح پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا ،امید ہے کشمیر کی آزادی کا دن قریب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور جنگی جنون کا شکار نہیں ہوتا، تاہم ملک کے دفاع کا مکمل حق محفوظ ہے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔