عوام کے دل کشمیری بھائیوں کیساتھ دھڑکتے ہیں، بلاول

عوام کے دل کشمیری بھائیوں کیساتھ دھڑکتے ہیں، بلاول

پیپلز پارٹی کشمیریوں کی آزادی کے حصول تک ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی عالمی برادری کی خاموشی نے رویوں کے درمیان واضح خلیج کو بے نقاب کر دیا ، پیغام

کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ یکجہتیِ کشمیر کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کے دل اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، وہ ان کی جدوجہدِ آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی بربریت اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں تاہم بھارتی مظالم کشمیری عوام کے ناقابلِ تسخیر حوصلے اور آزادی کی جائز جدوجہد کو کمزور کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں، اب دنیا کی کوئی طاقت مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کی منزل کے حصول سے نہیں روک سکتی۔

بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس مسلسل بے حسی نے جمہوری اقدار اور عملی رویوں کے درمیان واضح خلیج کو بے نقاب کر دیا ہے ، عالمی برادری اپنی بے حسی ترک کر کے اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرے اور بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے ۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غیرمتزلزل عزم کے ساتھ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کشمیریوں کی آزادی، وقار اور انصاف کے حصول تک ہر فورم پر ان کی آواز بلند کرتی رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں