کسان کنونشن میں جدید زرعی رہنمائی اور معاونت فراہم

 کسان کنونشن میں جدید زرعی رہنمائی اور معاونت فراہم

سونا سینٹرز نے زرعی شعبے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ،افتخار علی سہو

کراچی(بزنس ڈیسک)سونا سینٹرکی جانب سے فلیٹیز ہوٹل لاہور میں کسان کنونشن کا انعقاد کیاگیا۔ سونا سینٹرزرعی مداخل کی مارکیٹ میں پائیدار توازن پیدا کرنے والی قوت کے طور پر کام کر رہا ہے جو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاشتکاروں کو جدید زرعی طریقے اپنانے اور پیداوار میں اضافہ کرنے کے قابل بناتا ہے ۔ سونا سینٹر زرعی ایکو سسٹم کی قیادت کر رہا ہے جو معیاری کھاد، بیج اور زرعی زہروں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ 300 ماہرینِ زراعت پر مشتمل ٹیم کے ذریعے کسانوں کی رہنمائی کر رہا ہے جس میں صنفی مساوات کے فروغ کے تحت خواتین ماہرینِ زراعت کو قائدانہ کردار میں شامل کیا گیا ہے ۔افتخار علی سہو سیکریٹری زراعت، حکومت پنجاب نے ایف ایف سی کے ملک بھر میں سونا سینٹرز کے وسیع نیٹ ورک کے قیام کے اقدام کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ سونا سینٹرز نے بروقت اور معیاری زرعی مداخل کی فراہمی اور مربوط معاون نظام کے ذریعے کسانوں کی خدمت اور پاکستان کے زرعی شعبے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ علی جنجوعہ چیف کمرشل آفیسر ایف ایف سی نے سونا سینٹر ایکو سسٹم کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ سونا سینٹر معیاری زرعی مداخل کی فراہمی کے علاوہ 300 ماہرینِ زراعت پر مشتمل ٹیم کے ذریعے جدید زرعی رہنمائی اور اے آئی پر مبنی ڈیجیٹل ایڈوائزری کے ذریعے کسانوں کی بھرپور معاونت کر رہی ہے ۔کسانوں کوسونا کسان ایپ کے اجراء کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جس کے ذریعے زرعی مصنوعات کی آن لائن خریداری ممکن ہے ۔ فیضان الرحمٰن صدیقی چیف آپریٹنگ آفیسر سونا سینٹر نے کنونشن کے اختتام پر اظہارِ تشکر کیا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں