کشمیر جلد آزاد ہوگا : فیلڈ مارشل ، بھارت کو اسکی زبان میں جواب دینگے : وزیر اعظم
سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل کے سوا کوئی راستہ نہیں،پراکسیز کا بھی وہی حشر ہو گاجو بھارتی طیاروں کا ہوا، شہباز شریف کا کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب ، مہاجرین کا وظیفہ 6 ہزار کرنے کا اعلان مسلح افواج ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ،عاصم منیر ، مظفر آباد میں شہدا کی یادگار پر چادر چڑھائی ،یوم یکجہتی کشمیر پر لاہور ، کراچی سمیت ملک بھر میں ریلیاں ، کوہالہ پل پر انسانی زنجیر بنائی گئی
راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت جس محاذ پر اور جس زبان میں بات کرے گا اسی میں جواب ملے گا، اس کی پراکسیز کا بھی وہی حشر کریں گے جو اس کے جہازوں کا کیا ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے مہاجرین کا وظیفہ 3500 سے بڑھا کر 6 ہزار کرنے ، مظفر آباد میں دانش یونیورسٹی کیمپس و آسان خدمت مرکز قائم کرنے ، مزید 1700 طلبہ کو رواں ماہ لیپ ٹاپ، ایجوکیشن انڈو ومنٹ فنڈ کے تحت تعلیمی وظائف دینے ، سکولوں کی چھتوں کے لئے ایک ارب، و ہریام پل کی تعمیر کے لئے 10ارب روپے فراہم کرنے سمیت آزاد کشمیر کی ترقی کے لئے متعدد اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھر کی طرح آزاد کشمیر کی ترقی بھی انہیں بے حد عزیز ہے ، کشمیر میں کوئی بھی حکومت ہو وفاق کا تعاون جاری رہے گا، معرکۂ حق میں بھارت کا گھمنڈ خاک میں ملا دیا، مسئلہ کشمیر دنیا بھر میں اجاگر ہوگیا، بھارت جس محاذ پر اور جس زبان میں بات کرے گا اسی میں جواب ملے گا، اس کی پراکسیز کا بھی وہی حشر کریں گے جو اس کے جہازوں کا کیا۔
وہ جمعرات کو یہاں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کر رہے تھے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ وہ آج کشمیری بہنوں بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے آئے ہیں، برہان وانی ، سید علی گیلانی ، آسیہ اندرابی ، یاسین ملک اور میر واعظ عمر فاروق سمیت تمام کشمیری رہنماؤں ،خواتین ، بچوں اور بزرگوں نے جدوجہد کی تاریخ رقم کی ہے ۔دنیا کو بتادیا کہ کشمیر نہ بھارت کا حصہ تھا، نہ ہے اور نہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا، یہی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ تنازع کشمیر کا پائیدار حل صرف اور صرف کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل سے ہی ممکن ہے ، اس کے سوا بھارت کے پاس کوئی راستہ نہیں ، پاکستان کشمیریوں کو ان کا حق ملنے تک ان کی حمایت جاری رکھے گا ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے معرکہ حق میں بھارت کا غرور خاک میں ملادیا اور اسے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہماری مسلح افواج نے ایسا سبق سکھایا جو اس کی نسلیں بھی کبھی بھول نہ پائیں گی، معرکہ حق صرف ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی فتح نہیں بلکہ یہ کشمیری عوام کی قربانیوں کی بھی فتح ہے ۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد کشمیر کاز پوری دنیا میں پوری قوت سے زندہ ہوا، بھارت کا جھوٹ کا بیانیہ دفن ہونا ہماری سفارتی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ذلت آمیز شکست کے بعد اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دوبارہ دہشت گردی تیز کردی ہے ، بھارت کے جارحانہ ، توسیع پسندانہ اور تسلط پسندانہ عزائم کو ترک کیے جانے تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز بھارت کی دہشت گردی میں ملوث پراکسیز کا بھی وہی حشر کریں گی جو اس کے لڑکا طیاروں کا ہوا، امن چاہتے ہیں لیکن برابری اور انصاف کی بنیاد پر ، بھارت جو محاذ کھولے گا اورجس زبان میں بات کرے گا اسی میں جواب ملے گا۔ کشمیر و فلسطین کے عوام کو ان کی مرضی سے جینے کا حق ملنا دنیا کی جمہوریت پسندی اور انصاف پسندی کا امتحان ہے ، بین الاقوامی قوانین اور اصول اس حق کی حمایت کرتے ہیں ، پاکستان نے اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر غزہ میں امن قائم کرنے کے لئے عملی قدم اٹھایا ہے ، فلسطین و کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر رہتے ہوئے پاکستان تنازعات کے پائیدار حل کے لئے اپنا فعال و متحرک و عملی کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرح آزاد کشمیر کی ترقی بھی ہمیں بے حد عزیز ہے اس کے لئے آزاد کشمیر حکومت سے تعاون کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سفارش کی گئی تھی کہ مہاجرین کا وظیفہ 3500 سے بڑھا کر پانچ ہزار کیا جائے لیکن میں نے چھ ہزار کرنے کی منظوری دی ہے ، دانش سکول تعمیر ہورہے ہیں ، اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی بنے گی جس کا آزاد کشمیر کیمپس مظفر آباد میں بنے گا ۔انہوں نے سکولوں کی چھتوں کے لئے ایک ارب، واٹر سپلائی سکیم اور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے 9اعشاریہ 4ارب، ہریام برج کے لئے 10ارب، یونیورسٹی آف کوٹلی کے لئے ایک اعشاریہ 46 اور وومن یونیورسٹی باغ کے لئے بھی ایک اعشاریہ 46ارب روپے کے فنڈز مختص کرنے کا اعلان کیا۔ شہباز شریف نے یادگار شہدا پر بھی حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھاکر کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
راولپنڈی، لاہور ، کراچی ، اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے بھارت کے مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور ہندوتوا نظرئیے پر مبنی جبر کشمیری عوام کی جائز جدوجہد اور آزادی کی خواہش کو دبانے میں ناکام رہے ہیں۔ کشمیری عوام کی امنگوں اور مرضی کے مطابق کشمیر میں جلد آزادی کا سورج طلوع ہوگا ۔مظفرآباد کے دورہ کے دوران انہوں نے تحریکِ آزادی کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جموں و کشمیر شہداء یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور کشمیر تحریک کے شہداء کی بے مثال قربانیوں، جرات اور ایثار کو سراہا۔معززین اور سابق فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک تمام متعلقہ عالمی فورمز پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا۔چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کشمیر میں تعینات افسروں اور جوانوں کی بلند حوصلہ افزائی، پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اور مشکل حالات میں فرائض کی انجام دہی کو سراہا۔ انہوں نے ہر سطح پر اعلیٰ درجے کی آپریشنل تیاری، مستعدی اور باہمی ہم آہنگی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کسی بھی دشمنانہ کارروائی کا مؤثر اور بروقت جواب دیا جا سکے ۔دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایک فارورڈ پوسٹ کا بھی معائنہ کیا جہاں انہوں نے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ کسی بھی جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاک مسلح افواج بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول میں روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
قبل ازیں مظفرآباد پہنچنے پر چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کمانڈر راولپنڈی کور نے کیا۔ادھر آزاد کشمیر، گلگت، بلتستان اور شمالی علاقہ جات سمیت ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر جمعرات کے روز اس عزم کے ساتھ منایا گیا کہ کشمیر کی آزادی تک مظلوم کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور سماجی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ دن کا آغاز مساجد میں تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور شہدا کشمیر کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعاؤں سے کیا گیا جبکہ کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اس مقصد کے لئے ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں مظلوم کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے لئے سرکاری، نیم سرکاری اور نجی سطح پرمختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں ضلعی انتظامیہ، سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، مذہبی،سیاسی اور سماجی تنظیموں کے علاوہ وکلا، طلبا، مزدور، تاجروں اور مختلف مکاتب فکر کے افراد کی جانب سے ریلیاں، جلسے، جلوس اور سیمینارز منعقد کئے گئے بھارتی وزیر اعظم کے پتلے اور بھارتی پرچم بھی نذر آتش کئے گئے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور سرکاری اداروں کے علاوہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی،جماعت اسلامی، جمعیت علما اسلام (ف)، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی راولپنڈی، انجمن تاجران، انجمن شہریاں کے زیر اہتمام الگ الگ ریلیاں، جلوس اور مظاہرے کئے گئے۔
تقریب کے آغاز میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور قومی ترانہ پیش کیا گیا ۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے جمعرات کو کوہالہ پل پر خصوصی تقریب ہوئی جس میں شرکا نے انسانی زنجیر بنائی اور کشمیری عوام کی حمایت کا اعادہ کیا۔تقریب میں پرچم کشائی اور قومی ترانہ بجایا گیا اور تقریب میں اعلیٰ حکام، کمیونٹی کے نمائندوں اور شہریوں نے بھر پور شرکت کی۔اس موقع پر تقریب کے شرکا نے کہا کہ آج کا اجتماع کشمیریوں کے ساتھ اتحاد کی علامت ہے اور اس کا مقصد مسئلہ کشمیر کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا ہے ۔تقریب کے آ غاز پرسائرن بجائے گئے اور شرکا نے تنازع کشمیر سے متاثرہ افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔کشمیرسنٹرلاہور کے زیراہتمام یکجہتی کشمیر دستخطی مہم کا انعقاد پنجاب اسمبلی کے سامنے کیا گیا۔ دستخطی مہم صبح سے شام تک جاری رہی جس میں سیاسی قیادت، حریت رہنماؤں، سماجی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں، سول سوسائٹی کے اراکین، عورتوں اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں اور بھارتی ظلم وجبر کی مذمت کرتے ہوئے دستخط کیے۔
دستخطی مہم کے دوران کشمیرسنٹرکے کیمپ میں سارا دن عام شہری آکر مقبوضہ جموں وکشمیر کے موجودہ حالات کے بارے میں دریافت کرتے رہے ۔ کیمپ میں جموں وکشمیر لبریشن سیل کی مطبوعات کا سٹال بھی لگایاگیا اور شرکاء کیمپ کو بڑی تعداد میں لٹریچر تقسیم کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی ہر سطح پر اخلاقی، سفارتی، سیاسی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کے مطالبہ حق خودارادیت کو تسلیم کرتے ہوئے استصواب رائے کو عملی جامہ پہنائے ۔یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مرکزی تقریب ڈی چوک میں ہوئی ۔تقریب میں وفاقی وزراء ،حریت قائدین ،سیاسی و سماجی رہنماؤں ،وکلاء ،صحافیوں ،طلباء اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔پورے 10 بجے سائرن بجائے گئے اور شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔
یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوے وفاقی وزیر امور کشمیر ،گلگت بلتستان و سیفران امیر مقام نے کہا کہ یہ سب 10 مئی کا جذبہ ہے ،جو آج عوام میں جذبہ ہے وہی 10 مئی کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر اعظم پاکستان ودیگر میں تھا10 مئی کو ہم نے دس گنا زیادہ بڑے دشمن کو شکست دی ۔جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے زیراہتمام 5فروری یوم یکجہتی کشمیر ملی جوش وجذبے اور عقیدت احترام سے منائی گئی۔آزادکشمیر بھر کے تمام اضلاع سمیت پاکستان اور بیرون مقیم مسلم کانفرنسی رہنماؤں نے کشمیر مارچ اور انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم نہتے کشمیر بہن بھائیوں اور بچوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیااو ر مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔پاکستان کو آزادکشمیر سے ملانے والے مرکزی شاہراہوں پر ہاتھوں کی زنجیر بناکر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیاگیا۔
یوم یکجہتی کشمیر پرخیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، سٹی ٹریفک پولیس اور پشاور بائیکرز کلب کے اشتراک سے بائیک ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ڈی جی ٹورازم اتھارٹی محمد عثمان محسود کے مطابق بائیک ریلی چمکنی پشاور سے شروع ہوکر براستہ جی ٹی روڈ حیات آباد اور پھر صدر میں اختتام پذیر ہوئی۔وزیراعلی ٰسندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بڑی کشمیر یکجہتی ریلی کی قیادت کی اور بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (آئی آئی او جے کے )کے عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔میڈیا سے گفتگو اور کشمیر یکجہتی دن کے موقع پر ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ 5 فروری دنیا کو کشمیری عوام کی قربانیوں اور ان کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کی یاد دہانی کراتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم دنیا کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ ہم کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ملتان ،فیصل آباد، گوجرانوالہ ، سرگودھا ، اوکاڑہ اور ملک کے دیگر علاقوں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں ۔