بلوچستان : آپریشن ردا لفتنہ 1 کامیاب، 216 دہشتگرد ہلاک

 بلوچستان : آپریشن ردا  لفتنہ 1 کامیاب، 216 دہشتگرد ہلاک

بھارتی پراکسی قیادت سمیت کمانڈ سسٹم تباہ ، غیر ملکی اسلحہ اور جدید آلات برآمد حکومت بلوچستان کا صورتحال معمول پر آنیکا اعلان ،انٹرنیٹ آج بحال ہوجائیگا

اسلام آباد (نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں جاری آپریشن ردالفتنہ1کامیابی سے مکمل کرلیا، جس میں 216دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ بھارتی پراکسی قیادت سمیت کمانڈ سسٹم تباہ کرد یاگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق پنجگور اور ہرنائی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 216 دہشتگرد جہنم واصل کردئیے گئے جس کے نتیجے میں بھارتی پراکسی نیٹ ورکس کو شدید دھچکا پہنچا اورفتنہ الہندوستان کی بلوچستان میں بدامنی کی کوششیں خاک میں ملا دی گئیں، اس آپریشن میں ہلاک دہشتگردوں سے غیر ملکی اسلحہ،دھماکہ خیز مواد اور جدید آلات کا بڑا ذخیرہ برآمد ہوا۔

دہشتگردوں کوبیرونی سہولت کاری اور لاجسٹک سپورٹ کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس آپریشن کے دوران 36 معصوم شہری شہید ہوئے اور مادر وطن کے دفاع میں 22 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ پاکستان کی مسلح افواج حکومت پاکستان کے قومی ایکشن پلان کے دائرہ کار میں دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر سے نمٹنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں اور دہشت گردی کے خطرات کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں پورے عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔ حکومت بلوچستان نے کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں صورتحال معمول پر آنے کا اعلان کر دیا البتہ کوئٹہ کے کچھ علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن جاری ہونے کی تصدیق کی ہے ۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ کوئٹہ میں آپریشن میں 100مشتبہ افراد کو حراست میں لیاگیا،اسلحہ بھی برآمدہوا۔

شہر میں آج انٹرنیٹ ڈیٹا بحال ہوجائے گا،جن علاقوں میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن جاری ہے وہاں انٹرنیٹ سروس متاثر ہوسکتی ہے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 1 کی کامیاب تکمیل پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک سے بیرونی پشت پناہی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف کاکہناتھاکہ قوم اپنے شہدا کی قربانی کبھی فراموش نہیں کر سکتی ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی نے کہا کہ بی ایل اے ایک فتنہ ہے جو معصوم شہریوں اور مزدوروں کو نشانہ بناتا ہے ،یہ فتنہ بھارت کی ایماء پرپاکستان کی ترقی کے راستے میں حائل ہے ، پاکستان اپنی وحدت،ترقی اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں