پاک چین دوستی کو دشمن نقصان نہیں پہنچا سکتا : محسن نقوی

 پاک چین دوستی کو دشمن نقصان  نہیں پہنچا سکتا : محسن نقوی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ کی اہم ملاقات ہوئی جس میں چینی سفیر نے بلوچستان میں ہونے والی حالیہ دہشت گرد حملوں کی مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

ملاقات میں انسدادِ دہشتگردی سمیت داخلی سلامتی اور سکیورٹی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ انٹیلی جنس شیئرنگ اور سائبر کرائمز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے کہا کہ چین ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے اور ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں ،دکھ کی گھڑی میں متاثرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی منظم اور طے شدہ منصوبے کے تحت کی گئی مگر بلوچستان میں دہشتگردی پر سکیورٹی فورسزنے بروقت موثر رسپانس دیا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ پاک چین دوستی کو دشمن کسی صورت نقصان نہیں پہنچا سکتا،چینی شہریوں اور پروجیکٹس کی حفاظت بے حد عزیز ہے ، چینی شہریوں کو ہرممکن سکیورٹی فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے لہٰذا اسی تناظر میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ تشکیل دیا جا رہا ہے ۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انسداد دہشتگردی آپریشنز کیلئے جدید چینی ٹیکنالوجی اور ساز وسامان معاون ثابت ہوگا۔محسن نقوی اور چینی سفیر نے پاک چین سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور چینی سفیر نے چینی شہریوں کی سکیورٹی پر اقدامات پر شکریہ بھی ادا کیا جب کہ محسن نقوی نے چین کی جانب سے ہر موقع پر غیر متزلزل حمایت پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں