کراچی کو لاوارث نہیں چھوڑا جا سکتا
کراچی (سٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے شعبہ میڈیکل ایڈ کے تحت ’’آواز اٹھاؤ، کراچی بچاؤ‘‘مہم کے سلسلے میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کے مایہ ناز ڈاکٹرز اور شعبہ طب سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ’’سیو لائف، سیو کراچی‘‘کا نعرہ وقت کی پکار ہے اور کراچی کے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا جا سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 28 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے صحت سے متعلق تمام اختیارات اور وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ہر شہری کو دہلیز پر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ رکن قومی اسمبلی و نگراں میڈیکل ایڈ کمیٹی ڈاکٹر نگہت شکیل خان نے اپنے خطاب میں نیپا وائرس (Nipa Virus) سمیت دیگر وبائی امراض کے بڑھتے خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری حفاظتی حکمت عملی مرتب کرنے پر زور دیا، جبکہ چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے صحت سینیٹر عامر ولی الدین چشتی نے ’’ہیلتھ فار آل‘‘ کے وژن کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ میں کراچی کے طبی مسائل پر بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔