فائیو جی سپیکٹرم نیلامی:پی ٹی اے کے IMپر وضاحتی جوابات

 فائیو جی سپیکٹرم نیلامی:پی ٹی اے کے IMپر وضاحتی جوابات

نیلامی کے قواعد، بولی کا طریقہ کار ،قیمتوں کے تعین EAS کے عمل کی وضاحت کی گئی قیمت 1ہزار امریکی ڈالر کی اکائی میں ہو گی ، بولی سے قبل سیمینار زموک آکشن ہونگے

 اسلام آباد (ایس ایم زمان)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) نے فائیو جی سپیکٹرم نیلامی کے لئے انفارمیشن میمورنڈم (IM) پر ٹیلی کام آپریٹرز اور دیگر فریقین کو وضاحتی جوابات جاری کر د ئیے ۔ جوابات میں نیلامی کے قواعد، بولی کے طریقۂ کار، قیمتوں کے تعین، سپیکٹرم کی الاٹمنٹ اور الیکٹرانک آکشن سسٹم (EAS) کے عمل کی وضاحت کی گئی ہے ۔پی ٹی اے کے مطابق نیلامی میں شامل 2600 میگا ہرٹز اور 3500 میگا ہرٹز بینڈز کے لئے بولی کی تمام قیمتیں ایک ہزار امریکی ڈالر کی اکائی میں ہوں گی اور اگر کوئی بولی ایک ہزار ڈالر سے کم رقم میں دی گئی تو اسے قریب ترین ایک ہزار ڈالر تک خودکار طور پر راؤنڈ فگر کر دیا جائے گا۔ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ موجودہ موبائل آپریٹرز کے لئے لازم ہوگا کہ وہ پہلے راؤنڈ میں ہر بینڈ میں کم از کم 50 میگا ہرٹز کے لیے بولی دیں، بصورت دیگر وہ نیلامی کے عمل سے خارج ہو سکتے ہیں۔

دستاویز کے مطابق نیلامی کا عمل کلاک آکشن میکنزم کے تحت انجام دیا جائے گا، جس میں ہر راؤنڈ کے بعد مجموعی طلب اور سپلائی کا جائزہ لے کر قیمت میں اضافے یا استحکام کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اگر کسی مرحلے پر مجموعی طلب دستیاب سپیکٹرم سے زیادہ ہوئی تو قیمت میں اضافہ کیا جائے گا، جبکہ طلب کم یا برابر ہونے کی صورت میں پروسسڈ پرائس کا تعین کیا جائے گا۔پی ٹی اے نے وضاحت کی ہے کہ بولی کے دوران اگر کسی بولی دہندہ کی بولی مکمل یا جزوی طور پر پروسس ہو جائے تو باقی غیر پروسس شدہ حصے کے لئے اس کی ترتیب برقرار رہے گی۔

قیمت یا مقدار میں کمی کی درخواستیں صرف اسی صورت میں منظور ہوں گی جب اس سے مجموعی طلب دستیاب سپلائی سے کم نہ ہو۔ نیلامی کے دوران ایک بولی دہندہ ایک ہی راؤنڈ میں صرف ایک مرتبہ پوزیشن میں تبدیلی کی درخواست دے سکے گا۔کامیاب بولی دہندگان کو متعلقہ بینڈ کے اندر اوپر، درمیان یا نیچے کی پوزیشن کے لئے بولی لگانے کا اختیار حاصل ہوگا، تاہم حتمی فریکوئنسی بلاکس کا تعین نیلامی کے مرحلے کے اختتام پر کیا جائے گا۔ غیر الاٹ شدہ بلاکس کو بینڈ کے اوپری حصے میں رکھا جائے گا، بالخصوص 3500 میگا ہرٹز بینڈ میں۔اتھارٹی کے مطابق نیلامی کے دوران شمولیت کی شرط لاگو ہوگی تاکہ بولی دہندگان کی مسلسل شرکت یقینی بنائی جا سکے ۔ نیلامی کے تمام راؤنڈز کے نتائج الیکٹرانک آکشن سسٹم پر دستیاب ہوں گے ، اور اہل بولی دہندگان انہیں ایکسل یا سی ایس وی فارمیٹ میں ڈاؤن لوڈ بھی کر سکیں گے ۔پی ٹی اے کے مطابق نیلامی سے قبل اہل امیدواروں کے لئے بڈر سیمینار اور موک آکشن کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں