اسلام آبادہائیکورٹ کی ایڈمنسٹریشن تبدیل،جسٹس خادم سومروفارغ
چیف جسٹس کی سربراہی میں چار رکنی نئی کمیٹی تشکیل،جسٹس محمدآصف شامل دورکنی نیاسلیکشن بورڈ قائم،نور محمد مرزا کی ایڈیشنل رجسٹرار کے عہدے پر ترقی
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ کی ایڈمنسٹریشن کمیٹی اور سلیکشن بورڈ کے ممبران تبدیل کر دیئے گئے ۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی منظوری سے رجسٹرار ہائیکورٹ نے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کیے ، جن کے مطابق جسٹس خادم حسین سومرو کو ایڈمنسٹریشن کمیٹی سے نکال کر جسٹس محمد آصف کو شامل کیا گیاہے اورچیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں چار رکنی نئی کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاہے ، جسٹس ارباب محمد طاہر، جسٹس اعظم خان اورجسٹس محمد آصف کمیٹی میں شامل ہیں،دوسرے نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے افسران کا سلیکشن بورڈ بھی تبدیل کردیاگیاہے اور جسٹس خادم سومرو کو بورڈ سے نکال کرجسٹس اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل نیا سلیکشن بورڈ تشکیل دیا گیاہے ،سلیکشن بورڈ ہائیکورٹ کے گریڈ 16 اور اُس سے اوپر کے افسران کی ریکروٹمنٹ اور ترقیاں دیتا ہے ۔ دوسری طرف اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق سیکرٹری ٹو چیف جسٹس نور محمد مرزا کو ایڈیشنل رجسٹرار کے عہدے پر ترقی دے کر چیف جسٹس سیکرٹریٹ میں تعینات کر دیا گیا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تقرری جسٹس اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل سلیکشن بورڈ کی سفارش پر عمل میں آئی ۔ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی منظوری کے بعد نور محمد مرزا کی ترقی و تعیناتی کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔