سندھ موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کا سامنا کرچکا:وزیراعلیٰ
صوبائی حکومت محفوظ رہائش،مستحکم شہر ، معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے پرعزم :مرادشاہ فورم کے نتائج پالیسی اصلاحات میں تبدیل کرنا ناگزیر،شورو،تقریب سے خطاب
کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایشیا پیسیفک خطہ تیزی سے بڑھتی شہری آبادی، رہائش کی کمی، موسمیاتی خطرات اور ماحولیاتی دباؤ جیسے شدید مسائل سے دوچار ہے ۔ مقامی ہوٹل میں تین روزہ ایشیا پیسیفک شیلٹر اینڈ سیٹل منٹس فورم (اے پی ایس ایس ایف) 2026 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا رہائش اور انسانی آبادیاں محض بنیادی ڈھانچے کے مسائل نہیں بلکہ وقار، مساوات، سماجی استحکام اور موسمیاتی لچک کے بنیادی ستون ہیں۔ صوبہ سندھ سیلاب، بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور شہری نظام پر دباؤ کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کا براہ راست سامنا کر چکا ہے ۔
انہوں نے محفوظ رہائش، مستحکم شہر اور معیار زندگی میں بہتری خصوصاً کمزور اور محروم طبقات کے لیے فروغ دینے والی پالیسیوں اور شراکت داری کے لیے صوبائی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر منصوبہ بندی و ترقی جام خان شورو نے زور دیا کہ فورم کے نتائج کو پالیسی اصلاحات، پروگرام کی جدت اور قابل پیمائش نتائج میں تبدیل ہونا چاہیے ۔ اختتام پر وزیر اعلیٰ نے پیپلز ہاؤسنگ پروجیکٹ میں سندھ حکومت کے ساتھ کام کرنے والے تمام قومی اور بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں کو ایوارڈز اور تعریفی اسناد پیش کیں۔