سیاسی محاذ آرائی پھر عروج پر، ایوان کی کارروائی متاثر
بانی پی ٹی آئی کی صحت پر احتجاج کے باعث معمول کا ایجنڈا مؤخر کرنا پڑا
اسلام آباد (سید قیصر شاہ) حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی کشیدگی کے اثرات پھر ایوان میں نمایاں ہو نے لگے ، نعرہ بازی، احتجاج اور شور شرابے سے ماحول کشیدہ رہا۔ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور ملاقات کی اجازت نہ ملنے کے معاملے پر پی ٹی آئی نے دوسرے روز بھی احتجاج جاری رکھا۔وزرا اور حکومتی ارکان کا کہنا تھا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو علاج کی مکمل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اس حوالے سے سپریم کورٹ میں تفصیلی رپورٹ بھی جمع کرائی جا چکی ہے ۔ پی ٹی آئی نے سیشن کے آغاز پر احتجاج کا اعلان کیا تھا تاہم سانحہ بلوچستان اور گزشتہ ہفتے اسلام آباد کی امام بارگاہ میں دہشت گردی کے واقعات کے باعث احتجاج مؤخر کر دیا گیا۔ بعد ازاں بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر ایوان بالا کے اندر اور پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا گیا۔ایوان میں پی ٹی آئی کی تنقید کے جواب میں حکومتی ارکان نے بھی سخت ردعمل دیا۔ اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی ہونے سے قبل متعدد بلز منظور کیے گئے اور عوامی مسائل پر بحث بھی کی گئی تاہم سیاسی محاذ آرائی کے باعث کارروائی متاثر رہی اور معمول کا ایجنڈا بھی مؤخر کرنا پڑا۔