کچے کا علاقہ ڈاکوئوں سے پاک، مریم نواز کا ترقیاتی کام کرانے کا اعلان

کچے کا علاقہ ڈاکوئوں سے پاک، مریم نواز کا ترقیاتی کام کرانے کا اعلان

سکول، کالج، ہسپتال اورٹیوٹا کے ادارے بنیں گے ، گرین بس سروس فراہم کرنے کابھی فیصلہ،3رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم ریاست کی رٹ کوبحال رکھنا ہے ،کچہ کے لوگ فخرکریں گے :وزیراعلیٰ ، آلو کے کاشتکاروں کیلئے مریم نواز کا وزیراعظم کو خط

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی محنت رنگ لے آئی،کچے کا علاقہ ڈاکوؤں سے پاک کردیاگیا،راجن پوراوررحیم یار خان کے جزیرہ نماعلاقے کلیئر ہو گئے ،راجن پور کے علاقوں سے 342اوررحیم یار خان کے علاقوں سے 200ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دئیے ،وزیراعلیٰ نے کچے کے علاقوں کیلئے ڈویلپمنٹ کا اعلان کردیا،علاقے میں سکول، کالج، ہسپتال اورٹیوٹا کے ادارے قائم کئے جائیں گے ،بہتر ٹرانسپورٹ کیلئے گرین بس سروس اوردیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی ،کچے کے لوگوں کیلئے اپنا کھیت اپنا روزگار کے تحت زرعی اراضی اور کسان کارڈ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جبکہ لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن سنٹر بنائے جائیں گے ،چیف منسٹر پروگرام آف کچہ ایریا ڈویلپمنٹ کیلئے 3رکنی اعلی ٰسطح کی کمیٹی قائم کردی گئی،سینئر منسٹرمریم اورنگزیب کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں ہوم سیکرٹری اورایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ شامل ہیں۔

مریم نواز نے اس حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک فوج،رینجرز،پنجاب و سندھ پولیس،سی سی ڈی،سپیشل برانچ سمیت تمام اداروں کو کامیاب کارروائیوں پر مبارکباداورشاباش دیتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ 6ہفتے کے کچہ آپریشن میں کئی دہائیوں کے بعد رحیم یار خان اورراجن پور کے علاقے مکمل طورپر کلیئر ہوچکے ہیں،45 دن سے کچے کے علاقے میں اغوا برائے تاوان اورہنی ٹریپ کی کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔سرنڈر کرنے والے 500سے زائد ڈاکوؤں میں ہائی پروفائل گینگ لیڈر بھی شامل تھے ،متعدد پر انعام بھی مقرر تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ڈاکوؤں نے خوف کی سلطنت بنائی،ریاست کے اندر ریاست قائم کرلی،کسی قانون اورآئین کو نہیں مانتے تھے ،اللہ کا شکر ہے کہ سٹیٹ کی رٹ بحال ہوئی اورکچہ کا علاقہ ریاست کے پاس آگیا، اب ریاست کی رٹ کوبحال رکھنا ہے ۔کچے کے علاقے کو وہ پیکیج دینا ہے جو پنجاب کے دوسرے علاقوں کوملتاہے ۔کچے کے لوگوں کی زندگیوں کو ترقی اوروسائل فراہم کرکے بہتر بنائیں گے ، کچہ کے لوگ اپنے صوبے پر فخر کریں گے ۔

دوسری طرف آلو کے کاشتکاروں کی مشکلات کے ازالے اور منافع میں اضافہ کیلئے مریم نواز نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا اورآلو کی برآمدات بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔وزیراعلی ٰکے خط میں نیشنل لاجسٹک کارپوریشن کے ذریعے آلو کی برآمدات میں تیزی لانے کی درخواست اورآلو کی برآمد کیلئے کرائے کی لاگت میں 25 فیصد خصوصی رعایت اورکاغذی کارروائی میں خصوصی نرمی کی اپیل کی گئی ہے ۔وزیراعلیٰ نے ایک ایکس پیغام میں کہا کہ پنجاب میں رمضان نگہبان پیکیج کی ادائیگی کے لئے اے ٹی ایم کارڈ کی ڈلیوری شروع کر دی گئی ہے ،رمضان نگہبان پیکیج کے تحت 40لاکھ گھرانوں کو 40ارب روپے مالی امداد دی جائے گی،رمضان نگہبان پیکیج کے متعلق معلومات کے لئے 08000-2345 ہیلپ لائن قائم کردی گئی اور تحصیل لیول پر 160خصوصی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں