او جی ڈی سی ایل اور فرانسیسی کمپنی کے مابین واٹر انجکشن سسٹمز کا معاہدہ
اسلام آباد (نامہ نگار) او جی ڈی سی نے فرانس کی معروف اسپیشلٹی کیمیکل کمپنی اور پولی اکریل امائیڈ کی عالمی لیڈر ایس این ایف کے ساتھ ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے۔
یہ معاہدہ صوبہ سندھ کے ضلع حیدرآباد میں واقع کنر اور پاساکھی آئل فیلڈز میں جدید واٹر انجکشن سسٹمز کی تنصیب اور آپریشن کیلئے کیا گیا ہے، جو پیداوار میں بہتری اور پائیدار توانائی کے فروغ کیلئے کمپنی کی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ تقریب میں وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک، ایم ڈی /سی ای او او جی ڈی سی احمد حیات لک، پاکستان میں فرانس کے سفیر نیکولس گالے سمیت او جی ڈی سی اور ایس این ایف کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ تقریب او جی ڈی سی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ منصوبہ تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں نو ماہ کے دوران تنصیب اور کمیشننگ شامل ہوگی، جس میں موبلائزیشن، انسٹالیشن، کمیشننگ اور سہولیات کی جانچ شامل ہے ۔ اس کے بعد دو سالہ آپریشنز اور مینٹیننس مرحلہ ہوگا، جس میں او اینڈ ایم سروسز کے ساتھ او جی ڈی سی کے ماہرین کو باقاعدہ تربیت فراہم کی جائے گی۔ او اینڈ ایم مدت مکمل ہونے کے بعد ٹیکنالوجی اور آپریشنل کنٹرول او جی ڈی سی کو منتقل کر دیا جائیگا۔