پاکستان نے انسدادِ دہشت گردی صلاحیت کا بھر پورمظاہرہ کیا:ترک جریدہ

پاکستان نے انسدادِ دہشت گردی صلاحیت کا  بھر پورمظاہرہ کیا:ترک جریدہ

اسلام آباد مسجد اور بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کا مقصد ریاست پر اعتماد کمزور کرنا تھا

اسلام آباد (دنیا نیوز)ترک جریدے Daily Sabah نے اپنے تفصیلی آرٹیکل میں کہا ہے کہ پاکستان کے تیز اور فیصلہ کن ردعمل نے دہشت گردی کو سٹریٹجک جیت میں بدلنے سے روک دیا۔ جریدے کے مطابق اسلام آباد مسجد حملہ اور بلوچستان میں مربوط کارروائیوں کا مقصد خوف پھیلانا، فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینا اور ریاست پر عوامی اعتماد کو کمزور کرنا تھا۔آرٹیکل میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کی حکمت عملی کسی علاقے پر قبضہ کرنا نہیں بلکہ ریاستی کمزوری کا تاثر پیدا کرنا اور عوام و اداروں کے درمیان اعتماد کو متزلزل کرنا تھا، تاہم پاکستان نے بھرپور انسدادِ دہشت گردی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان عزائم کو ناکام بنا دیا۔جریدے کے مطابق اسلام آباد خودکش حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری اور مربوط کارروائیاں کیں اور تقریباً 40 گھنٹوں میں 145 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ حملوں کے باوجود نہ ریاستی رٹ کمزور ہوئی، نہ سٹریٹجک نقصان ہوا اور نہ دہشت گرد اپنے مقاصد حاصل کر سکے ۔

آرٹیکل میں جدید دہشت گردی کو دو محاذوں مسلح حملوں اور نفسیاتی و پروپیگنڈا جنگ پر مشتمل قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان نے فوری کنٹرول، دہشت گردوں کو دوبارہ منظم ہونے سے روکنے اور نفسیاتی جنگ کو ناکام بنانے کے تینوں مراحل میں کامیابی حاصل کی۔ عام شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے سے علیحدگی پسند بیانیہ بے نقاب ہو کر دہشت گردی کی شکل اختیار کر گیا۔جریدے نے نشاندہی کی کہ بین الاقوامی سطح پر Balochistan Liberation Army اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا جانا پاکستان کے مؤقف کی تائید ہے ۔ سرحد پار معاونت اور جدید ہتھیاروں کی دستیابی نے دہشت گردی کو زیادہ خطرناک بنایا ہے ، جبکہ افغانستان میں چھوڑے گئے اربوں ڈالر کے اسلحے کے دہشت گرد گروہوں تک پہنچنے کے خدشات بھی تشویش ناک ہیں۔آرٹیکل کے مطابق دہشت گردوں کو جسمانی، مالی اور نفسیاتی جگہ نہ دینا ہی پاکستان کی کامیاب حکمت عملی اور استحکام کی ضمانت ہے ۔ مؤثر ردعمل اور بعد ازاں چھاپوں نے حملہ آوروں کو ان واقعات کو مسلسل دباؤ میں بدلنے کا موقع نہیں دیا اور یوں دہشت گرد اپنے مقاصد میں مکمل ناکام رہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں