بلوچستان پختونخوا:14خوارج ہلاک،بسوں،کسٹم آفس پر حملے،1اہلکار شہید

بلوچستان  پختونخوا:14خوارج  ہلاک،بسوں،کسٹم  آفس  پر  حملے،1اہلکار  شہید

محکمہ انسداد دہشتگردی کی دو مختلف کارروائیاں، کوئٹہ کے علاقے درخشاں میں8 اور بارکھان میں 6دہشتگرد فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے ڈی آئی خان میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش، پولیس کی کارروائی پر دہشتگرد فرار،2اہلکارز خمی، لکی مروت میں 40کلو بارودی مواد ناکارہ بنادیا

کوئٹہ،ڈی آئی خان (سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)نے بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ اور بارکھان میں کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے 14 دہشتگرد ہلاک کردئیے جبکہ دہشتگردوں نے خیبرپختونخوا میں مسافر بسوں اور کسٹم آفس پر حملے کئے ، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکار شہید ،2زخمی ہوگئے ۔ترجمان سی ٹی ڈی بلوچستان کے مطابق کوئٹہ کے علاقے درخشاں میں کارروائی کی گئی جس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے ۔سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے ، ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا، دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جارہا ہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔

دوسری جانب سی ٹی ڈی نے بارکھان میں انٹیلی جنس بیسڈکارروائی کی جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد مارے گئے سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ ہلاک دہشتگرد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے ۔ادھر خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں رات گئے دہشت گردوں نے مسافر بسوں اور کسٹم آفس پر بھاری ہتھیاروں سے حملے کردئیے ، حملے کے نتیجے میں علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس کے مطابق خوارج عناصر نے نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم پولیس کے کوئیک رسپانس یونٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا، پولیس کی بروقت جوابی فائرنگ کے باعث دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے ۔حملے کے دوران پولیس کا ایک جوان شہید جبکہ دو اہلکار زخمی ہو گئے ، زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے ۔واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ۔

حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے اور علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے ۔ دریں اثنا لکی مروت میں پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے میانوالی شاہراہ پر نالہ ُپل سے منسلک 40 کلو بارودی مواد ناکارہ بنا دیا ۔ اس کے علاوہ 2 ڈیٹونیٹر، 12 والٹ بیٹری اور سرکٹ بھی برآمد ہوئے ۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ اور بارکھان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سی ٹی ڈی بلوچستان کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ آصف علی زرداری نے کہا سی ٹی ڈی بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف وطنِ عزیز کی حفاظت میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے ۔ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ۔ شہباز شریف نے کہا حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتی ہے ۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا بلوچستان میں قیام امن کیلئے سی ٹی ڈی کی کامیابیوں کو ستائش کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں