چیئر مین واپڈا کا منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کا دورہ، منصوبے پر بریفنگ
پاور سٹیشن کے 4 یونٹس فعال،صلاحیت 1310 میگاواٹ تک بڑھانے کا منصوبہ منصوبے کی مجموعی تکمیل 2030 میں متوقع ،چیئرمین واپڈا کی کام تیزکرنیکی ہدایت
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد سعید کو منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کے دورے کے دوران بتایا گیا کہ منگلا بحالی اور ریفربشمنٹ پراجیکٹ پر مرحلہ وار کام جاری ہے ۔ چار پیداواری یونٹس کی بحالی مکمل ہو چکی ہے اور وہ اضافی صلاحیت کے ساتھ بجلی پیدا کر رہے ہیں، جبکہ مزید دو یونٹس رواں سال کے اختتام تک سسٹم میں شامل کر د یئے جائیں گے ۔ منصوبے کی مجموعی تکمیل 2030 میں متوقع ہے ۔چیئرمین واپڈا نے کنٹرول روم، ٹربائن ہال اور دیگر تنصیبات کا دورہ کیا اور کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ مہنگی تھرمل بجلی پر انحصار کم کیا جا سکے ۔52 ارب 22 کروڑ 40 لاکھ روپے لاگت کے اس منصوبے کے لیے یو ایس ایڈ 170 ملین ڈالر بطور گرانٹ فراہم کر رہا ہے ۔منصوبے کی تکمیل پر منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار میگاواٹ سے بڑھ کر ایک ہزار 310 میگاواٹ ہو جائے گی جبکہ سالانہ پیداوار 6 ارب 60 کروڑ یونٹ تک پہنچ جائے گی۔