بھارتی چاول کی وجہ سے پاکستان کی برآمدات کم ہوگئیں
ریٹ میں 20 ڈالر کا فرق آ رہا تھا،عالمی مارکیٹ میں چاول کی قیمت آدھی :حکام
اسلام آباد (وقا ئع نگار،این این آئی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی تجارت کے اجلاس میں حکام نے بتایاکہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں چاول کی برآمدات میں کمی ہوئی اور عالمی مارکیٹ میں قیمت بھی آدھی ہوگئی۔ چیئرمین کمیٹی جاوید حنیف نے سوال کیا کہ رائس ایکسپورٹرز کو ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ سے 15 ارب روپے کس طرح جاری ہوئے ؟ حکام نے کہا اس سال دنیا میں چاول کی پیداوار بڑھی، بھارت نے 2023-2024 میں چاول برآمد نہیں کیا۔ اس سال بھارت نے برآمدات شروع کر دیں جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی ہوئی، ہمارے اور انکے ریٹ میں 20 ڈالر کا فرق آ رہا تھا۔حکام نے بتایا کہ پاکستان کے پاس 2 ارب ڈالر مالیت کے چاول کے ذخائر موجود ہیں، ریئل اسٹیٹ کا پیسہ بھی چاول کی خریداری میں سٹاکسٹ نے استعمال کیا۔ ایران میں پاکستانی باسمتی نان باسمتی بنا کے بیچا جا رہا تھا۔