شہبا ز شریف کی امیر قطر سے ملاقات ،اہم علاقائی مسائل پر قریبی روابط برقرار رکھنے کا فیصلہ

شہبا ز  شریف  کی   امیر  قطر  سے  ملاقات ،اہم  علاقائی  مسائل  پر  قریبی  روابط   برقرار  رکھنے  کا  فیصلہ

شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی، وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن،نائب وزیراعظم شیخ سعود، وزیرتجارت ڈاکٹر احمد کے ساتھ بھی ملاقاتیں فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک، اقتصادی تعاون کو اعلیٰ سٹر ٹیجک سطح پر لے جانے کا عزم،ٹاسک فورس اجلاس پر اتفاق، افغانستان،ایران،غزہ کی صورتحال پرگفتگو

اسلام آباد،دوحہ (نامہ نگار،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہبازشریف نے دوحہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور دیگر قیادت سے ملاقاتیں کیں ،اس دوران اہم علاقائی مسائل پر قریبی روابط برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، ملاقاتوں میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے ۔سرکاری اعلا میہ کے مطابق شہباز شریف اور امیر قطر نے پاکستان اور قطر کے برادرانہ روابط کا جامع جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔امیرِ قطر نے اقتصادی تعاون کو اعلیٰ تزویراتی سطح تک لے جانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ اس کے علاوہ ملاقات میں علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔امیرِ قطر نے وزیراعظم کی جانب سے دورئہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی اور ان کا یہ دورہ رواں برس متوقع ہے ۔

قبل ازیں شہباز شریف نے قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی سے ملاقات کی، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے ۔ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی اور علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہء خیال کیا۔ انہوں نے پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور سیاسی، اقتصادی اور ادارہ جاتی روابط میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، افرادی قوت ، لیبر اور ثقافتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی اور ان تمام شعبوں میں تعاون کو تیز کرنے کیلئے دونوں ممالک کی مشترکہ ٹاسک فورس کو لازمی قرار دیا گیا۔ دونوں فریقوں نے مشترکہ وزارتی کمیشن اور دو طرفہ سیاسی مشاورت سمیت حالیہ اعلیٰ سطح کی مصروفیات اور ادارہ جاتی میکنزم کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔

علاقائی مسائل بشمول غزہ میں پیشرفت اور خلیج کی سلامتی کے وسیع تر امور پر بھی تبادلہء خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے خطے میں مذاکرات کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لئے قطر کی تعمیری سفارتی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے تنازعات کے پرامن حل اور اقوام متحدہ کے چارٹر سمیت بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان سٹر ٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی موجودہ مسائل پر رابطے میں رہنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔قبل ازیں شہباز شریف کی قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امورشیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی الثانی سے ملاقات ہوئی جس میں فریقین نے دفاع اور سکیورٹی میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔

شیخ سعود نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے میں قطر کی دلچسپی سے آگاہ کیا۔ملاقات میں علاقائی صورتحال بالخصوص ایران اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہء خیال کیا گیا۔دونوں اطراف نے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں اطراف نے خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لئے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں پاکستان اور قطر کے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں اپنی سٹر ٹیجک شراکت داری کو مزید بلند کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کی گئی۔مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف اور قطر کے وزیر مملکت برائے بیرونی تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے متعلقہ حکام پر مشتمل ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا ہے جس میں پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے لیے ٹھوس تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

قطر کے وزیر مملکت برائے بیرونی تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر احمد بن محمد السید پاکستان-قطر جوائنٹ بزنس ٹاسک فورس کے چیئرمین بھی ہیں۔ملاقات کے دوران انہوں نے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کا جائزہ لیا اور پاکستان قطر تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے اور قطر کو پاکستان کی برآمدات خاص طور پر زرعی مصنوعات، کھانے پینے کی اشیاء اور ویلیو ایڈڈ اشیا کی برآمدات کو متنوع بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ فریقین نے پاکستان قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے فالو اپ پر تبادلہ خیال کیا اور طے شدہ فیصلوں پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم نے پاکستان کی سرمایہ کار دوست اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کے درمیان نجی شعبے اور کاروباری روابط کو مضبوط بنانے میں قطر کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔دونوں فریقین نے رمضان المبارک کے دوران دونوں ممالک کے متعلقہ حکام پر مشتمل ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا جس میں پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے لیے ٹھوس سرمایہ کاری کی تجاویز پر تبادلہء خیال جائے گا۔ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم پر زور دیا گیا۔شہباز شریف سے قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے چیئرمین شیخ فیصل بن قاسم الثانی کی قیادت میں ملاقات کی ،وزیراعظم نے پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی اور تجارتی روابط کو مضبوط بنانے میں قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے تعمیری کردار کو سراہا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دو طرفہ شراکت داری کے ایک اہم ستون کے طور پر نجی شعبے کی قیادت میں مصروفیات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی سہولت کے لیے متعارف کرائے گئے اصلاحاتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے کیو بی اے کے اراکین کو انفراسٹرکچر، لاجسٹکس، توانائی، زراعت، ٹیکنالوجی اور برآمدات پر مبنی مینوفیکچرنگ میں مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کے لیے شفافیت، کارکردگی اور بروقت فیصلہ سازی کو یقینی بنانے کے لیے ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار پر زور دیا۔شیخ فیصل بن قاسم الثانی نے بزنس ٹو بزنس تعاون بڑھانے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

دونوں فر یقین نے قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، جس میں رواں ماہ کے آخر میں پاک-قطر سرمایہ کاری سے متعلق ٹاسک فورس کے دوحہ کے آئندہ دورے کے ساتھ ساتھ تجارتی فورمز کی میزبانی بھی شامل ہے تاکہ بات چیت کو ٹھوس اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے ۔دونوں فر یقوں نے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں اور کاروباری افراد کے درمیان روابط کو آسان بنانے کے لیے خصوصی کوششیں کرنے پر اتفاق کیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعلقات کو بڑھایا جا سکے ۔ملاقات میں پاکستان اور قطر کے اپنے اپنے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط تعاون کے ذریعے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورہ قطر مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں