سیاسی اختلاف نفرت میں نہ بدلیں،بہتری لائیں:بیرسٹر گوہر

سیاسی اختلاف نفرت میں نہ بدلیں،بہتری لائیں:بیرسٹر گوہر

بانی سے ملاقات کاموقع دیاجائے ،رہائی فورس پر کچھ تحفظات:چیئر مین پی ٹی آئی عمران کا دوسرا پروسیجر کامیابی سے مکمل،تیسرا انجکشن 24مارچ کو لگے گا:طارق فضل

اسلام آباد(نیوزایجنسیاں ،دنیانیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ سیاسی اختلاف کو نفرت میں مت بدلیں، آپ بہتری لائیں، پاکستان کا دفاع مضبوط ہونا چاہیے ، اب بس کرنا چاہیے ، اتنے مقبول لیڈر کو قید کر رکھا ہے ۔ کیا فرق پڑ جاتا ہے کہ ایک ڈاکٹر کے بجائے دوسرا ہو، اہلِخانہ کو تسلی کروانی ہے اور اس میں کیا خرابی ہے ، اہلِخانہ کو اگر ساتھ رکھا جاتا تو کیا طوفان آ جاتا؟ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت وہ ہے جو انصاف دے لیکن 3 کروڑ ووٹ لینے والوں کو بھی انصاف نہ دیا گیا۔ سیاست میں بہتری کے لیے سب کو مل بیٹھنا ہو گا، چیف جسٹس سے درخواست کرتا ہوں آج تیرہواں موقع ہے آپ کے سامنے آئے ہیں، یہ کافی نہیں کہ فرینڈ آف دی کورٹ کو بھیجا جائے ، اہلِخانہ کی ملاقات اہم ہے ۔ ہمیں میسج دے کر کہا گیا کہ بانی کو انجکشن لگ گیا ہے اورانکی صحت بہتر اور ٹھیک ہے ۔

رہائی فورس پر ہمارے کچھ تحفظات ہیں ، پارٹی کے لیے اس کے اثرات ہوں گے ۔ تحریک انصاف کسی بھی موقع پر ایسا قدم نہیں اٹھائے گی جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے ، ہم چاہتے ہیں کہ رہائی عدالت کے ذریعے ہو، کسی غیر آئینی اقدام کے ذریعے نہیں ۔ادھر پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ شفا انٹرنیشنل میں علاج اس لئے چاہتے کہ معاملہ آنکھ کا نہیں دیگر عوامل بھی دیکھنے ہیں کہ مسئلہ بنا کیوں؟ معاملہ عمران خان کی صحت کا ہے اس پر ہمیں کوئی لمبے مذاکرات یا لمبی تحریک نہیں چلانی بلکہ ہمیں فوری علاج کی ضرورت ہے ۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چو دھری نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت نے تمام قانونی اور انسانی تقاضے پورے کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سخت سکیورٹی انتظامات میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا، پہلے پروسیجر کے بعد بینائی میں بہتری آئی تھی جس کے بعد ماہر معالجین نے دوسرے پروسیجر کی سفارش کی۔ دوسرا طبی عمل کامیابی سے مکمل کیا گیا اور میڈیکل ٹیم کی کلیئرنس کے بعد انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے ۔ بانی پی ٹی آئی کو تیسرا انجکشن 24 مارچ کو لگایا جائے گا، ہر قیدی کو قانون کے مطابق طبی سہولیات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں