ٹریڈ بل پرتاجر برادری خوف میں مبتلا ہے :ایس ایم تنویر
مجوزہ قانون سازی ضلعی چیمبرز کو ختم ،ضلعی معیشتوں کو تباہ کر دے گی حکومت اس بل کو مسترد کر دے ،پیٹرن انچیف یونائیٹڈ بزنس گروپ
لاہور (دنیا نیوز)پیٹرن انچیف یونائیٹڈ بزنس گروپ( یوبی جی) ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ ٹریڈ آرگنائزیشن رولز میں ترمیم کے بل پر تشویش ہے ،ریجنل چیئرمین یو بی جی سندھ خالد تواب سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایم تنویرنے کہا کہ پوری بزنس کمیونٹی میں ٹریڈ بل کے حوالے سے سخت تشویش پائی جا رہی ہے ،ملک بھر کی تاجر برادری خوف میں مبتلا ہے ، تجارتی رکاوٹوں کی وجہ سے کاروباری ماحول پہلے ہی متزلزل ہے ، چیمبرز کاروباری برادری کی آخری پناہ گاہ ہیں جہاں وہ آواز اٹھا سکتے ہیں،پیٹرن انچیف یونائیٹڈ بزنس گروپ نے مزید کہا کہاایسی کوئی بھی قید انڈسٹریل اسٹیٹس، تحصیلوں میں ایس ایم ای کلسٹرز اور ایکسپورٹ کو نمائندگی سے خارج کر سکتی ہے ، ٹی او آرز 2013 میں ردوبدل سے بڑے پیمانے پر حوصلہ شکنی اور مایوسی ہو گی۔ایس ایم تنویر نے کہا کہ مجوزہ قانون سازی ضلعی سطح کے چیمبرز کو ختم کر دے گی، مجوزہ ترمیم ضلعی معیشتوں کو تباہ کر دے گی، ضلعی چیمبرز مقامی معیشتوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اِس بل کو مسترد کرے ، ڈسٹرکٹ چیمبر ختم کرنے سے ایس ایم ایز تباہ ہو جائیں گے ۔