این ایچ اے کوخسارہ ، قائمہ کمیٹی مواصلات نے بریفنگ طلب کرلی
اسلام آباد (نیوز رپورٹر )قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی مواصلات نے این ایچ اے کے خسارے کے حوالے سے وزارت خزانہ کی رپورٹ پر بریفنگ طلب کرلی ۔
کمیٹی کا اجلاس چیئرمین اعجاز حسین جاکھرانی کی زیرصدارت ہوا ۔کمیٹی نے مالی سال 2026-27 کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) سے متعلق تاخیر پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بتایا کہ تجاویز ابھی تیار نہیں ہو سکیں جس پر کمیٹی نے قواعد کے مطابق بروقت تجاویز پیش نہ کرنے کو سنگین معاملہ قرار دیا۔ سی ای او نے تاخیر تسلیم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ تجاویز 2 مارچ کو پیش کر دی جائیں گی۔کمیٹی نے ٹول پلازہ ریشنلائزیشن اینڈ ایکویٹی بل 2025 پر وزارت سے آئندہ اجلاس میں شق وار وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی اور متعلقہ وزارتوں کے درمیان مشاورت پر زور دیا۔اجلاس میں سڑکوں کی مرمت کے باعث ٹریفک جام کے مسئلے پر بھی سخت نوٹس لیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ ٹول پلازوں پر تمام لینز کھلی رکھی جائیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی اور ٹھیکے منسوخ کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا۔