پاکستان سپر لیگ سیزن11کا ابتدائی شیڈول تیار
26مارچ کو افتتاحی میچ لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان کرانیکی تجویز ،22سے 25تاریخ تک پریکٹس سیشنز تمام فرنچائزز کے نمائندوں سے میٹنگ میں شیڈول پر بات ہوئی، سب کی تجاویز جاننے کے بعد اسے حتمی شکل دی جائے گی
کراچی(سپورٹس ڈیسک)پی ایس ایل کا ابتدائی شیڈول تیار کر لیا گیا ہے ۔26 مارچ کو افتتاحی میچ لاہور قلندرز اور نئی ٹیم حیدرآباد کنگز مین کے درمیان کرانے کی تجویز ہے ، تمام فرنچائزز کے نمائندوں سے میٹنگ میں شیڈول پر بات ہوئی، سب کی تجاویز جاننے کے بعد اسے حتمی شکل دی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق 2 نئی ٹیموں کی شمولیت سے پاکستان سپر لیگ کا 11 واں ایڈیشن 26 مارچ کو شروع ہوگا، 22 سے 25 تاریخ تک پریکٹس سیشنز ہوں گے ، روایتی طور پر پہلا میچ دفاعی چیمپئن ٹیم کا ہی ہوتا ہے ۔ذرائع کے مطابق 26 مارچ کو لاہور قلندرز قذافی سٹیڈیم میں نئی فرنچائز حیدرآباد ہیوسٹن کنگز مین سے مقابلہ کریں گے ۔ میچز لاہور، کراچی، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی اور پشاور میں کھیلے جائیں گے ۔پی سی بی نے پشاور میں بھی میچز کروانے کا اعلان کیا ہے ، 28 مارچ کو زلمی کا پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ سے فلڈ لائٹس میں ہوگا۔ کوالیفائر ون 2 مئی کو راولپنڈی میں ہونا ہے ، الیمنیٹر ون کا انعقاد اگلے روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کیا جائے گا۔ اسی وینیو پر 5 مئی کو الیمنیٹر ٹو ہونا ہے ، فائنل 10 مئی کو کھیلا جائے گا، گوکہ میزبان کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا البتہ امکان یہی ہے کہ قذافی سٹیڈیم پر ہی انعقاد ہو۔پی ایس ایل کے 11 ویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز، کراچی کنگز، پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ نئی ٹیمیں پنڈیز، حیدرآباد ہیوسٹن کنگزمین اور سیالکوٹ سٹالینز بھی شرکت کریں گی۔