پنجاب:وزرا ، وی آئی پیز کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے کا منصوبہ
108 گاڑیوں کی لاگت 1 ارب 14کروڑ ،منظوری کے بعد خریداری شروع وزیراعلیٰ کے سکیورٹی سکوا ڈ کیلئے جدید جیمرزوالی 2نئی گاڑیاں خریدنے کافیصلہ
لاہور(محمد حسن رضا سے ) پنجاب حکومت نے مہنگائی، مالی دباؤ اور غربت میں اضافہ کے باوجود کفایت شعاری کی دھجیاں اڑاتے ہوئے رواں مالی سال کے دوران وزرا اور بیوروکریسی کیلئے 1 ارب 14 کروڑ روپے مالیت کی 108 نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کرلیا ۔ ذرائع ایس اینڈ جی اے ڈی ٹرانسپورٹ ونگ کے مطابق اس حوالے سے باقاعدہ سفارشات حکومت کو ارسال کر دی گئی ہیں جن کی منظوری کے بعد خریداری کا عمل شروع کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ کے لئے تقریباً 30 کروڑ روپے کی لاگت سے 28 نئی گاڑیاں خریدنے کی تجویز دی گئی ہے ، جن میں 1 لینڈ کروزر، 2 ہیول ون پوائنٹ فائیو، 5 گرینڈی الٹس، 10 ٹویوٹا الٹس اور 10 ٹویوٹا یارس شامل ہیں۔ 2
صوبائی وزرا کے لئے 4 کروڑ روپے مالیت کی 2 بلٹ پروف فور بائے فور گاڑیاں بھی خریدی جائیں گی، وی آئی پیز کی سکیورٹی کے لئے 27 کروڑ روپے مالیت کی 25 گاڑیوں کی خریداری کی سفارشات بھی منظور ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کے لئے 53 کروڑ روپے کی گاڑیوں کی خریداری کی تجویز دی گئی ہے ، جس میں 30 ڈبل کیبن ڈالے ، 11 یارس، 3 الٹس، سوزوکی کلٹس اور موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔ حکام کے مطابق یہ تمام اخراجات سرکاری قواعد و ضوابط کے تحت کئے جائیں گے اور باضابطہ منظوری کے بعد خریداری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
لاہور (مد ثر حسین سے )دہشت گردی کی موجودہ لہر میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی سکواڈ سکیورٹی کیلئے دو فارچونر گاڑیاں خریدی جائیں گی جن میں جدید جیمرز نصب کئے جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق سکواڈ سکیورٹی کیلئے خریدی جانے والی گاڑیوں کی مالیت 4کروڑ روپے ہوگی ،گاڑیاں آئی جی پنجاب کی لاجسٹک برانچ خریدے گی ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلٰی کے سکواڈ کے ساتھ چلنے والی گاڑیاں پرانی ہو چکی ہیں جس کے باعث نئی گاڑیوں کی خریداری کا فیصلہ کیاگیا۔