پاک فوج کا جوابی قہر خوارج اور ہینڈلرز کو یاد رہے گا:عظمیٰ بخاری

پاک فوج کا جوابی قہر خوارج اور ہینڈلرز کو یاد رہے گا:عظمیٰ بخاری

خوارج ،انکے آبائو اجداد اور اقربا نے پہلے بھی دھول چاٹی اب بھی چاٹیں گے پوری قوم ہر طرح سے پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے

لاہور (این این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پاک-افغان سرحد پر فتنہِ خوارج کی جانب سے کی جانے والی بزدلانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ دشمن عناصر پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں، مگر ایسی کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ وطنِ عزیز کے بہادر سپوت ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور دشمن کو اس کے ناپاک عزائم سمیت نیست و نابود کرنا جانتے ہیں۔ پاکستان کے خلاف جنگ کی گیدڑ بھبھکیاں دینے والے مئی 2025ء کو یاد رکھیں۔ پاکستان ایک امن پسند مگر غیرت مند ملک ہے جو اپنے دفاع سے ہرگز غافل نہیں۔ہم اپنا دفاع کرنا بخوبی جانتے ہیں اور دشمن کو اس کی زبان میں جواب دینا بھی جانتے ہیں۔ خوارج، ان کے آبائو اجداد اور اقربا نے پہلے بھی دھول چاٹی اور اب بھی دھول ہی چاٹیں گے ۔ پاک فوج کا جوابی قہر خوارج اور ان کے ہینڈلرز کی نسلوں کو بھی یاد رہے گا۔ دشمن عناصر یہ جان لیں کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ہر حال، ہر وقت اور ہر طرح سے پوری قوم پاک فوج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے ۔ بیانیے کی جنگ ہو یا میدان کی جنگ، فتح پاکستان کو ہی نصیب ہوگی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں