افغان حملے کاپاک فوج نے مؤثر جواب دیا :وزراء،سیاسی رہنما
آپریشن غضب للحق کا آغاز فیصلہ کن اقدام ہے :حمزہ ،عبدالعلیم ،محمد اورنگزیب پاک فوج نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا :محمد احمدخان،مریم اورنگزیب و دیگر
اسلام آباد،لاہور(اے پی پی،این این آئی،آن لائن)وفاقی وزرا و سیاسی رہنماؤں نے افغانستان کی بلااشتعال جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے الگ الگ بیانات میں آپریشن غضب للحق پر افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان حملہ کھلی جارحیت ہے ،پاک فوج نے بروقت اور مؤثر جواب دیا ،پوری قوم اپنے محافظوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے ،قوم اپنے محافظوں کی جرأت اور فرض شناسی کو سلام پیش کرتی ہے ۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف ہر سازش کو بروقت اور فیصلہ کن جواب ملے گا، وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ آپریشن غضب للحق کا آغاز فیصلہ کن اقدام ہے ، افغان بارڈر سے دہشت گردی اور دراندازی کی کا رروائیاں ناقابل برداشت ہیں ، انڈین پراکسیز یاد رکھیں ان کا حشر گزشتہ سال سے بھی زیادہ عبرتناک ہو گا ۔ وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ رات کی تاریکی میں کیا گیا افغان حملہ کھلی جارحیت اور بزدلانہ اقدام ہے ، پاکستان اپنی سالمیت اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھو تا نہیں کرے گا۔
وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین اور عوام کے دفاع پر کسی قسم کا سمجھو تا نہیں کرے گا۔ وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ افغانستان کی بلااشتعال جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بھی کہا کہ ملکی دفاع ہر پاکستانی کی اولین ترجیح ہے ،وطن کے دفاع کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے سرحدی خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دے کر دشمن کو واضح پیغام دیا ہے کہ قومی سلامتی پر کسی قسم کی آنچ برداشت نہیں کی جائے گی۔ پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کہا ہے کہ افغانستان کے بلااشتعال حملوں کا پاک فوج نے بروقت اور مؤثر جواب دیا ۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاک فوج نے فوری جواب دے کر پیشہ ورانہ مہارت اور جرأت کا عملی مظاہرہ کیا۔ مریم اورنگزیب نے افواجِ پاکستان کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے صبر وتحمل کا آخری حد تک مظاہرہ کیا، ہماری امن پسندی کو کمزوری سمجھنے والوں کی غلط فہمی دور ہو گئی ،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان کو قوم سلام پیش کرتی ہے ۔