کراچی مظاہرین پر فائرنگ کا ذمہ دار کون؟ انکوائری کرائی جائے : حافظ نعیم

کراچی مظاہرین پر فائرنگ کا ذمہ دار کون؟ انکوائری کرائی جائے : حافظ نعیم

امریکی غنڈہ گردی ناقابلِ قبول، نہتے مظاہرین پر فائرنگ کا کوئی جواز نہیں ،ریمنڈ ڈیوس طرز کا ریلیف نہیں ملنا چاہیے یہ دفاع پاکستان کی جنگ ، ایران میں رجیم چینج سے اسرائیل ہماری سرحدوں پرپہنچ جا ئیگا،صدر جعفریہ الائنس سے ملاقات

کراچی (سٹاف رپورٹر )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت اورامریکی قونصلیٹ کے باہر احتجاج کے دوران فائرنگ اور ہلاکتوں پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس افسوسناک واقعہ کی شفاف اور آزادانہ انکوائری کرائی جائے تاکہ دنیا کے سامنے حقائق لائے جا سکیں کہ عوام پر فائرنگ کا ذمہ دار کون ہے ،امیر جماعت نے وفد کے  ہمراہ صدر جعفریہ الائنس پاکستان علامہ شہنشاہ حسین نقوی سے ملاقات کی اور آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر دلی تعزیت کا اظہار کیا،شہنشاہ حسین نقوی نے حافظ نعیم الرحمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت عالم اسلام کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے۔

انہوں نے ملک بھر میں سوگوار مظاہرین، بالخصوص کراچی میں فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 11 افراد کے جاں بحق اور سینکڑوں کے زخمی ہونے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے ، دریں اثنا ایک بیان میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر فائرنگ سے 16 شہادتیں اندوہناک سانحہ ہے ، نہتے مظاہرین پر براہِ راست فائرنگ کا کوئی جواز نہیں بنتا، ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں ، حکومت ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچائے ، پاکستانی سرزمین پر امریکی غنڈہ گردی ناقابلِ قبول ہے ، ریمنڈ ڈیوس طرز کا ریلیف نہیں ملنا چاہیے ۔ مزید کہا کہ حکمران کھل کر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیل کی مذمت کریں، یہ صرف ایران کی جنگ نہیں یہ پورے خطے اور پاکستان کے دفاع کی جنگ ہے ، اگر ایران میں رجیم چینج کا خواب پورا ہوا تو اسرائیل پاکستان کی سرحدوں تک پہنچ جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں