تیل کی قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے 18 رکنی کمیٹی تشکیل
وزیرِ خزانہ کنوینئر ہونگے ،توانائی ،پٹرولیم کے وزرا گورنر سٹیٹ بینک شامل پٹرولیم سپلائی کیلئے حکمت عملی تیار ،ایران جنگ کے اثرات کا جائزہ لیا جائیگا
اسلام آباد (این این آئی)وزیرِ اعظم نے ایران جنگ کے تناظر میں تیل کی قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے 18 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی،تفصیلات کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے ،بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھنے پر وزیرِ اعظم کی جانب سے تیل کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ،نوٹیفکیشن کے مطابق وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کمیٹی کے کنوینئر ہوں گے جبکہ کمیٹی میں وزیرِ پٹرولیم، وزیرِ توانائی، وزیرِ مملکت خزانہ اور مختلف وزارتوں کے سیکرٹری ، گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین اوگرا اور دیگر حکام شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی تیل کی سپلائی اور قیمتوں پر مسلسل نظر رکھے گی، پٹرولیم سپلائی متاثر نہ ہونے کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے گی، طویل جنگ کی صورت میں معاشی اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔