حکومت کی پہلی سرکاری سوشل میڈیا ایپ ’’بیپ پاکستان‘‘ متعارف
تین وزارتوں میں آغاز، واٹس ایپ کی جگہ سرکاری رابطوں کیلئے استعمال ہوگا ابتدائی مرحلے میں صرف افسران کو رسائی ،مرحلہ وار وزارتوں میں نفاذ
اسلام آباد (ایس ایم زمان) وفاقی حکومت نے پاکستان کا پہلا سرکاری سوشل میڈیا ایپ بیپ کمیونیکیشن پلیٹ فارم تجرباتی بنیادوں پر تین وزارتوں میں متعارف کرا دیا ، اس پلیٹ فارم کو مرحلہ وار تمام وزارتوں میں نافذ کیا جائے گا، جبکہ ابتدائی مرحلے میں یہ صرف وفاقی افسران کے زیرِ استعمال ہوگا۔نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے پاکستان کا پہلا سرکاری سوشل میڈیا ایپ ‘‘بیپ پاکستان’’ کے نام سے تیار کیا ہے ۔ پہلے مرحلے میں اس کا استعمال وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، کابینہ ڈویژن اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن میں شروع کیا گیا ہے ۔و فاقی حکومت نے بیپ پاکستان کا سکیورٹی جائزہ مکمل ہونے کے بعد اس کے استعمال کی منظوری دی ، سکیورٹی آڈٹ کے لئے ڈائریکٹر جنرل نیشنل ایمرجنسی کمپیوٹر رسپانس ٹیم کی سربراہی میں چھ رکنی کمیٹی قائم کی گئی تھی۔ کمیٹی میں سیکر ٹر ی این ٹی آئی ایس بی ، ڈی جی ٹیکنیکل این ٹی آئی ایس بی کے نامزد افسر، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) اور نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای سی او پی) کے افسران شامل تھے ۔