ریلوے کی 2355جائیدادوں پر قبضے کا انکشاف
3سالوں میں ریلوے ریونیو بڑھا،پیسنجرز آپریشنز کی آمدن 49 ارب ہو گئی دانش یونیورسٹی اسلام آباد ،پبلک پرائیویٹ پارٹنز شپ اتھارٹی ترمیمی بلز منظور
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) ایوان بالا میں ریلوے کی آمدن اور کمرشل جائیدادوں بارے تفصیلات پیش کردیں گئیں جس کے مطابق پاکستان ریلوے کی 2355 جائیدادوں پر قبضے کا انکشاف ہوا ہے ۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ تین برس میں پاکستان ریلویز کے ریونیو میں قابل قدر اضافہ ہوا ، سال 22-2021 میں فریٹ آپریشنز کی مد میں پاکستان ریلوے کا ریونیو 23 ارب 12 کروڑ اور24-2023 میں 28 ارب 11 کروڑ روپے رہا۔وزیر ریلوے کے مطابق پیسنجرز آپریشنز کی مد میں پاکستان ریلوے کی آمدن مذکورہ تین برس میں 30 ارب سے بڑھ کر 49 ارب ہو گئی۔ ریلوے کی لیز پر دی جانے والی زمین سے گزشتہ چار برس میں 13 ارب روپے ریونیو حاصل ہوا۔ وفاقی وزیر نے انکشاف کیا کہ پاکستان ریلوے کے 34 ہزار 763 کمرشل یونٹس میں سے 2355 ناجائز قابضین کے زیر استعمال ہیں۔ کراچی میں 589، سکھر میں 1538، کوئٹہ میں 123 ، ملتان میں 36، لاہور میں 24، پشاور میں 6، سی ایس ایف ڈائریکٹوریٹ میں 38 جائیدادوں پر ناجائز قبضہ ہے ۔ وزیر ریلوے نے بتایا کہ 34763 کمرشل جائیدادوں کی تعمیر و مرمت پر گزشتہ پانچ برس میں 30 کروڑ 64 لاکھ روپے اخراجات آئے ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیاکہ گزشتہ دو برسوں کے دوران اسلام آباد کے تعلیمی اداروں سکولوں اور کالجوں میں منشیات سے متعلق 34 مقدمات درج ہوئے ۔ان مقدمات میں ملوث 84 ملزمان میں سے صرف 34 افراد کو گرفتار کیا جا سکا۔ ایوان بالا میں دانش یونیورسٹی اسلام آباد بل2026 اورپبلک پرائیویٹ پارٹنز شپ اتھارٹی (ترمیمی ) بلز متفقہ طور پر منظور ہو گئے جبکہ نادرا ترمیمی بل 2026 مزید غور کے لیے قائمہ کمیٹی داخلہ کے سپرد کردیا گیا۔