ملازمین مستقلی کیس کا فیصلہ محفوظ، NCCIAسے جواب طلب
نئے لوگ رکھیں گے تو کل نئی حکومت ہٹا دیگی، یہ ویکٹمائزیشن ہے :جسٹس محسن اختر پہلے بھائی کو زمین دی ہوگی، سوسائٹی آئی تو محبت بدل گئی:جائیداد کیس کا فیصلہ محفوظ
اسلام آباد (رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکور ٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے این سی سی آئی اے کے گریڈ ایک سے پندرہ تک کے 200ملازمین کی مستقلی سے متعلق کیس میں فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے این سی سی آئی اے کو ایک روز میں جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالتی طلبی پر ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید خرم علی عدالت میں پیش ہوئے ، عدالت کے استفسار پرسید خرم علی نے بتایا ہم نے رولز منظوری کے لیے بھیجے ہیں، ساڑھے آٹھ سو سیٹوں کے لیے لکھا تھا چھ سو کی منظوری ہو گئی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا آپ کو بلانے کا مقصد یہ ہے کہ جتنے بھی لوگ ہیں وہ پاکستانی ہیں، ان شہریوں کو ویکٹیمائز نہیں ہونا چاہیے ، نئے لوگ رکھیں گے تو کل نئی حکومت آئے گی تو ان کو ہٹا دے گی یہ ویکٹمائزیشن ہے ۔ فاضل عدالت میں جائیداد تنازع کیس میں درخواستگزاروں کے وکیل نے کہا بہنوئی عبدالجبار نے فراڈ سے پانچوں بہنوں کا حصہ بیچا،عدالت نے استفسار کیا آپ نے ریونیو آفیسر کو نہیں بلایا؟ وکیل نے کہا عدالت نے نہیں بلانے دیا، جسٹس محسن اختر کیانی نے دلچسپ ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہیں؟ عدالت نے نہیں بلانے دیا، پہلی دفعہ ایسا آرگیومنٹ سنا ہے ،میں یہیں کوئی فیصلہ دوں گا تو سپریم کورٹ جاکر کہیں گئے کہ ہائیکورٹ نے نہیں ہونے دیا، تیس سال بعد کیس فائل کیا اس کا تو جواب دیں، وکیل نے کہا اکلوتا بھائی ہے اور اس کی محبت میں۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا میں بھی یہی کہہ رہا پہلے محبت میں بھائی کو دے دی گئی ہوگی زمین اب سوسائٹی آگئی تو محبت بدل گئی، عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔