غضب للحق :رسوائی چھپانے کیلئے افغان طالبان کی میڈیا پر پابندیاں
فوجی تنصیبات پر حملوں سے متعلق کوئی خبر شائع یا نشر نہ کرنے کی ہدایت جاری رپورٹنگ پر پابندی نے افغان طالبان رجیم کی منافقت اور ناکامی بے نقاب کردی
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر)افغان طالبا ن رجیم نے آپریشن غضب للحق میں پاکستان کے ہاتھوں رسوائی چھپانے کیلئے میڈیا پر دباؤ اور پابندیاں بڑھا دیں۔افغان میڈیا کے مطابق افغان طالبان کیخلاف پاکستان کی فضائی کارروائیو ں کے بعد طالبان نے مقامی میڈیا پر دبائو اور سنسرشپ مزید بڑھا دی ،افغان میڈیا کے مطابق افغان طالبان نے صحافیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ حملوں کی رپورٹنگ نہ کریں خصوصاً وہ جو انکے فوجی مراکز پر ہوئے ہیں۔افغان طالبان نے میڈیا کو پاکستان کی فضائی کارروائیوں کے مقامات یا تعداد سے متعلق رپورٹنگ سے بھی روک دیا ، افغان میڈیا کوانتباہ جاری کیا گیا ہے کہ طالبان کی فوجی تنصیبات پر حملوں سے متعلق کوئی خبر شائع یا نشر نہ کی جائے ۔ماہرین کے مطابق پاکستان کی جوابی کارروائیوں میں تباہ شدہ ٹھکانوں سے متعلق رپورٹنگ پر پابندی نے افغان طالبان رجیم کی منافقت اور ناکامی بے نقاب کردی ، میڈیا پر پابندی اس امرکی غمازی کرتی ہے کہ طالبان رجیم کی مکمل سرپرستی میں افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانے موجود ہیں ، دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ کارروائیوں کے بعد تباہ ہونے والے ٹھکانوں اور نقصانات سے متعلق رپورٹنگ پر پابندی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ طالبان حکومت تنقید اور حقائق کو سامنے آنے سے روکنے کی کوشش کر رہی ہے ،تجزیہ کاروں کے مطابق میڈیا پر عائد پابندیاں اس امر کی بھی عکاسی کرتی ہیں کہ طالبان حکومت کو اپنی سکیورٹی صورتحال اور عسکری تنصیبات سے متعلق خبروں کے منظرِ عام پر آنے کا خدشہ لاحق ہے ۔