حکمرانوں میں صلاحیت ہی نہیں

حکمرانوں میں صلاحیت ہی نہیں

کراچی (آئی این پی)سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہے ، حکومت نے عوام کے لئے کیا قربانی دی، حکمران اپنی مراعات اور اخراجات میں کمی کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام پر پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے اضافے کا بوجھ ڈال دیا، پٹرول کی قیمت خصوصاً موٹر سائیکل سواروں کی استعداد سے باہر ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی وزیر کہہ رہے ہیں کہ اگر قیمت نہ بڑھاتے تو ذخیرہ اندوزی شروع ہوجاتی ، میرا کہنا ہے اسے روکنا تو حکومت کا کام ہے ۔ محمد زبیر نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہئے تھا کہ وہ یہ بتاتی کہ وہ اپنے پروٹوکول میں کتنی کمی کررہی ہے ، ساری قربانی عوام سے لی جارہی ہے ، انہوں نے اپنی مراعات میں کیا کمی کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا پنجاب حکومت کے لگژری طیارے کے صرف دو پائلٹوں کی تنخواہ 35،35ہزار ڈالر ہے ، اس کے علاوہ طیارے کی مرمت میں 90 کروڑ روپے لگیں گے ، ہر چیز آئی ایم ایف پر ڈال دی جاتی ہے ، ان حکمرانوں میں عوام کو قائل کرنے یا ریلیف دینے کی صلاحیت ہی نہیں، پٹرول مصنوعات کی قیمتیں اتنی بڑھائی ہیں تو لیوی کیوں بڑھا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں