تہران:تیل آبی ذخائر پر حملے،نئے رہبر اعلیٰ پر اتفاق:جنگ کے بعد ایران کا نقشہ بدل جائے گا:ٹرمپ،دشمن کے خواب ڈراؤ نے بنا دینگے:ایرانی صدر

تہران:تیل آبی ذخائر پر حملے،نئے رہبر اعلیٰ پر اتفاق:جنگ کے بعد ایران کا نقشہ بدل جائے گا:ٹرمپ،دشمن کے خواب ڈراؤ نے بنا دینگے:ایرانی صدر

شہرپرسیاہ بادل، سڑکوں پر آگ کے شعلے ، 6افراد شہید ،ایرانی حملے میں حیفا ریفائنری کو نقصان ،امریکی آئل ٹینکر نشانہ ،200امریکی فوج ہلاک وزخمی :ایرانی فوج،کئی کو قیدی بنانے کی اطلاع :علی لاریجانی مجلس خبرگان نے مجتبیٰ خامنہ ای کو بھاری اکثریت سے ملک کا تیسرا سپریم لیڈر منتخب کیا :ایرانی سرکار ی میڈیا ، ایرانی حملے جاری رہے تو امریکا کو اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے سکتے :سعودی عرب ایرانی حملوں میں سینکڑوں اسرائیلی زخمی ،یواے ای میں 2پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ،سعودی عرب میں بھارتی اور بنگلہ دیشی باشندے ہلاک وزخمی، بیروت پرحملوں میں20لبنانی شہید

 تہران ،واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں) امریکا اور اسرائیل نے تہران میں تیل کی 5تنصیبات اور پینے کے پانی کے ذخائر پرحملے کئے ہیں جبکہ ایران نے بھی جوابی وار میں اسرائیل پر ڈرونز اور میزائل برسادئیے ،ایران نے اسرائیل کی حیفا ریفائنری کونشانہ بنایاجبکہ 200امریکی فوجیوں کو ہلاک اورزخمی کرنے کا دعوی ٰکیاہے ،ایران نے امریکی آئل ٹینکر اورکویت ایئر پورٹ کے فیول ٹینکوں پربھی ڈرون حملے کئے ۔ ایران میں نئے سپریم لیڈر کے نام پربھی اتفاق ہوگیاہے ۔تفصیلات کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے گزشتہ روز تہران اور اس کے گردونواح میں تیل کی5تنصیبات پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 6 افرادجاں بحق ہوئے اورشہر کے بڑے حصے پر سیاہ دھواں چھاگیااورتیل بہنے سے کئی سڑکوں پرآگ کے شعلے بلند ہوتے نظر آئے ۔نیشنل ایرانی آئل پروڈکٹس ڈسٹری بیوشن کمپنی کے سی ای او کرامت ویس کرمی نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ تہران اور البرز میں تیل کے چار ڈپوز اورپٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کے ایک مرکز پر دشمن کے طیاروں نے حملہ کیا،ان حملوں میں چار اہلکاراور تیل کے ٹینکرز کے دو ڈرائیور جاں بحق ہوگئے ۔

تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے تاہم آگ پر قابو پا لیا گیا۔ایرانی ہلالِ احمر کا کہنا ہے کہ تیل کے ڈپوئوں میں ہونے والے دھماکوں سے فضا میں بڑی مقدار میں زہریلے ہائیڈرو کاربن مرکبات، گندھک (سلفر)اور نائٹروجن آکسائیڈز خارج ہوئی ،بارش کی صورت میں یہ پانی انتہائی خطرناک اور شدید تیزابی ہوگا، جس سے جلد کے جلنے اور پھیپھڑوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے ۔ایران کے ماحولیاتی حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سانس کے مسائل اور دیگر طبی پیچیدگیوں سے بچنے کیلئے گھروں کے اندر رہیں۔ ایران نے تیل کی تنصیبات پرحملے کو جنگی جرم قرار دے دیا۔ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر میزائل اور ڈرون برسادئیے ،جس سے اسرائیل کی حیفا ریفائنری کو نقصان پہنچا ،امریکی آئل ٹینکر کوبھی نشانہ بنایاگیا۔کویت میں ڈرون حملے سے ایئرپورٹ پر فیول ٹینکوں سے شعلے بلند ہونے لگے ۔ایرانی فوج کا کہناہے کہ 200امریکی فوجی ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ بحرین میں بھی 21امریکی فوجی مارے گئے ہیں ۔اسرائیل اور امریکا نے ایران میں پینے کے پانی کے ذخائر کو بھی نشانہ بنایاہے جبکہ بحرین نے الزام لگایاہے کہ ایران نے تازہ حملوں میں پانی کے ذخائر کو نشانہ بنایا۔ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کہا امریکا نے جزیرہ قشم میں صاف پانی کے پلانٹ پر حملہ کرکے جنگی جرم کا ارتکاب کیا ، یہ حرکت ایک غمناک اور مایوس کن اقدام ہے جس کے سنگین نتائج ہوں گے ۔

عالم دین آیت اللہ احمد علم الہدیٰ نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے نئے رہبر معظم کا انتخاب کرلیا گیا ہے ،باضابطہ اعلان مجلس خبر گان کرے گی،اکثریت کا مجتبیٰ خامنہ ای کے نام پر اتفاق ہے ،اعلان میں تاخیر کا سبب سکیورٹی خدشات ہیں۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق مجلس خبرگان نے نئے سپریم لیڈر کا انتخاب کرلیا، مجلس خبرگان نے بھاری اکثریت سے مجتبیٰ خامنہ ای کو اپنا رہبرمنتخب کیا۔سید مجتبیٰ خامنہ ای ایران کے تیسرے رہبر کے طور پر منتخب ہوئے ہیں، نئے سپریم لیڈرسید مجتبیٰ خامنہ ای شہید آیت اللہ خامنہ ای کے صاحبزادے ہیں۔اسمبلی آف ایکسپرٹس کے رکن آیت اللہ محسن حیدری نے کہا کہ موجودہ حالات میں حتمی ووٹنگ کیلئے اسمبلی کا براہ راست اجلاس ممکن نہیں تھا،ایک امیدوار کا انتخاب کر لیا گیا جو مرحوم سپریم لیڈر کی اس ہدایت کے مطابق ہے کہ ایران کا اعلیٰ رہنما ایسا ہونا چاہیے جسے دشمن ناپسند کرے نہ کہ اس کی تعریف کرے ۔ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جنگ کے بعد ایران کا نقشہ شاید ویسا نہیں نظر آئے گا جیسا ابھی ہے ۔

ایئرفورس ون طیارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ کسی سمجھوتے کی تلاش میں نہیں، ہم ایران میں ایسا صدر چاہتے ہیں جو ملک کو جنگ کی طرف نہ لے جائے ،نئے رہبر اعلیٰ کیلئے ہم سے منظوری لینی پڑے گی ورنہ جوبھی آیت اللہ خامنہ ای کی جگہ لے گا وہ زیادہ دیر تک نہیں رہے گا ،ہم پرانی حکومت سے تعلق رکھنے والے کسی شخص کو منظور کرنے کو تیار نہیں ہیں ۔ٹرمپ نے کہا وہ نہیں چاہتے کہ کرد فورسز ایران میں داخل ہوں۔برطانوی وزیراعظم کی ایران پالیسی سے متعلق ٹرمپ نے کہا کہ برطانیہ اب مشرق وسطٰی میں 2 طیارہ بردار جہاز بھیجنے پر غور کررہا ہے تاہم اب ہمیں برطانیہ کی ضرورت نہیں۔ ہم برطانیہ کی یہ بات یاد رکھیں گے ، امریکا کو ایسے لوگوں کی ضرورت نہیں جو جنگ جیتنے کے بعد شامل ہوں۔ صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ روس کی جانب سے ایران کی مدد کے کوئی شواہد نہیں ملے ۔ ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے ایران پر جتنا سخت دباؤ ڈالا جائے گا ردعمل اتنا ہی سخت ہو گا۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران دھونس، دھمکیوں، ناانصافی اور جارحیت کے سامنے کبھی نہیں جھکے گا، ہم دشمن کے خواب ڈراؤنے بنادیں گے ۔ مسعود پزشکیان نے کہا کہ علاقائی ریاستوں سے دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں، یہ خواہش امریکا سے مقابلے میں ایران کے حق دفاع کی نفی نہیں کرتی۔ ہم نے اپنے دوست ہمسایہ ممالک پر نہیں بلکہ خطے میں امریکی فوجی اڈوں،امریکی تنصیبات اور سہولیات پر حملے کئے ہیں۔

ایران کی یواے ای میں کارروائی کے دوران 2افرادجاں بحق ہوگئے جبکہ ڈرون حملے سے سوشل سکیورٹی کی عمارت میں آگ لگ گئی ، امارات میں ایرانی حملوں سے اموات کی تعداد 4ہوگئی جن میں سے 2پاکستانی ہیں ،گزشتہ روزبھی پاکستانی سفارتخانے نے ایکس اکاؤنٹ پرایک بیان میں بتایاکہ ایک روز قبل دبئی کے علاقے البرشا میں میزائل کو انٹرسیپٹر سے روکے جانے کے بعد اس کے ملبے تلے آ کر جاں بحق ہونیوالا شہری پاکستانی تھا۔سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے جنوب میں واقع الخرج گورنری میں ایک میزائل گرنے سے دو افراد شہید اور 12 زخمی ہوگئے ۔ سعودی سول ڈیفنس کے مطابق میزائل ایک رہائشی علاقے میں گرا جس کے نتیجے میں ایک بھارتی اور ایک بنگلہ دیشی شہری جان سے گئے ۔میزائل کہاں سے داغا گیا اس بارے میں سعودی حکام نے تصدیق نہیں کی ۔سیکرٹری ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل علی لاریجانی کا کہناتھاکہ امریکا غلط اندازوں کی دلدل میں پھنس چکا، کئی امریکی فوجیوں کو قیدی بنانے کی اطلاع ہے ،امریکا علاقائی ممالک کی سکیورٹی یقینی نہیں بناسکتا۔ اسرائیل کی فوج نے دھمکی دی ہے کہ اسرائیل آیت اللہ خامنہ ای کے ہر جانشین کو نشانہ بنانا جاری رکھے گا۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہاکہ ایرانی فضائی حدود پر مکمل کنٹرول ہے جبکہ حکومت کے خاتمے کا منصوبہ بھی موجود ہے ، ہتھیار ڈالنے والوں کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔

دوسری طرف اسرائیلی حکام کاکہناہے کہ اسرائیل میں 9 روز میں 1900 زخمی ہسپتال لائے گئے ہیں جبکہ گزشتہ روز ایرانی حملوں میں زخمی ہونیوالے 157 افراد کو ہسپتال لایا گیا۔ عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیث نے عرب وزرائے خارجہ کے ایک ورچوئل اجلاس میں کہا کہ اپنے عرب پڑوسیوں کے خلاف ایران کے حملوں کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا، یہ ایک لاپروا پالیسی کی عکاسی کرتا ہے ۔ عالمی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا اور اسرائیل جنگ کے بعد ایرانی افزودہ یورینیم کے حصول کیلئے سپیشل فورسز بھیجنے پر غور کر رہے ہیں، آپریشن کا مقصد ایران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے ۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکام نے تہران کو پیغام دیا ہے کہ ریاض اب بھی ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کا سفارتی حل چاہتا ہے لیکن اگر خطے میں حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو سعودی عرب امریکی افواج کو اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دینے پر غور کر سکتا ہے ۔اسرائیل نے اتوار کو لبنان میں تازہ فضائی حملے کرتے ہوئے دارالحکومت بیروت اور جنوبی علاقوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 20 افراد شہید اور کئی زخمی ہوگئے ۔ لبنان میں ایک ہفتے کے دوران اسرائیلی کارروائیوں میں شہادتوں کی تعداد 400 تک پہنچ گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں