وزرا،سرکاری ملازمین کو کفایت شعاری اختیار کرنا ہوگی:وزیراعظم،حکومت کے بچت اقدامات کا آج اعلان

وزرا،سرکاری ملازمین کو کفایت شعاری اختیار کرنا ہوگی:وزیراعظم،حکومت کے بچت اقدامات کا آج اعلان

حالیہ بین الاقوامی صورتحال کے پیش نظر ملکی معاشی استحکام کیلئے بروقت اقدامات ناگزیر،صورتحال پرنظر ،معاشی استحکام کیلئے تمام ضروری فیصلے کئے جائیں گے :شہباز شریف عالمی کشیدگی کے ممکنہ معاشی اثرات پر اجلاس میں بریفنگ ، کفایت شعاری پر مبنی تجاویز اور سفارشات پیش،وزیراعظم کا ایرانی حملوں میں 3پاکستانیوں کی شہادت پر اظہارتعزیت

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں) وزیراعظم شہبازشریف کفایت شعاری اور بچت کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان آج کریں گے ،گزشتہ روز وزیراعظم کی زیر صدارت بین الاقوامی سطح پر حالیہ کشیدگی کی وجہ سے ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کیلئے اقدامات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں عالمی سطح پر پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی اور اس کے ممکنہ معاشی اثرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ بین الاقوامی صورتحال کے پیش نظر ملکی معاشی استحکام کیلئے بروقت اقدامات ناگزیر ہیں،حکومت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور قومی معیشت کو ہر ممکن استحکام فراہم کرنے کیلئے تمام ضروری فیصلے کئے جائیں گے ۔ تمام سرکاری ملازمین اور وزرا کو سادگی اور کفایت شعاری اختیار کرنا ہوگی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پاکستان کی معیشت، بالخصوص توانائی کی فراہمی اور عالمی منڈیوں میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جس کے پیش نظر حکومت پیشگی اقدامات کر رہی ہے ۔ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ، وفاقی و صوبائی سطح پر منتخب نمائندوں اور اعلیٰ سرکاری افسروں کو ہدایت کی کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کفایت شعاری اور بچت سے متعلق ہدایات صنعت اور زرعی شعبے پر لاگو نہیں ہوں گی تاکہ ملکی پیداوار، برآمدات اور غذائی تحفظ متاثر نہ ہو۔وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ مشکل وقت میں قومی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کو یقینی بنانا ضروری ہے اور جیسے ہی یہ مرحلہ گزرے گا اور معیشت مزید مستحکم ہوگی، حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے گی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مراعات یافتہ اور اشرافیہ طبقات کو ضروری ایڈجسٹمنٹس برداشت کرنے میں مثال قائم کرنی چاہئے ۔اجلاس میں ملکی معیشت کے استحکام کیلئے کفایت شعاری اور سادگی پر مبنی متعدد تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں، جن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس حوالے سے حتمی لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان کل کیا جائے گا۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ ملک میں ڈیزل،پٹرول اور دیگرپٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات کئے جا چکے ہیں جبکہ توانائی کے مؤثر استعمال اور ایندھن کی بچت پر بھی زور دیا گیا۔چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے بھی حالیہ عالمی کشیدگی کے پیش نظر صوبوں میں معاشی سرگرمیوں، توانائی کے استعمال اور انتظامی تیاریوں کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وزیر توانائی سردار اویس لغاری ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک ، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ ، وزیر ماحولیات مصدق مسعود ملک ، معاون خصوصی ہارون اختر خان، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے ایک ایکس پیغام میں دبئی میں میزائل کا ملبہ گرنے سے دو پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اورکہا کہ متحدہ عرب امارات میں ہمارے سفارتی مشنز دبئی کے حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں تاکہ ہر ممکن ضروری معاونت اور میتوں کی وطن واپسی کے عمل کو آسان بنایا جا سکے ۔ اس غم کی گھڑی میں ہماری ہمدردیاں سوگوار خاندان کے ساتھ ہیں۔بعدازاں وزیراعظم لاہور میں سینئر سیاستدان اور سابق صوبائی وزیر مرحوم زعیم قادری کے انتقال پر اظہار تعزیت کیلئے ان کی رہائشگاہ گئے ۔انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں