عوام کو پٹرول پمپ پر لائنوں میں نہ لگنا پڑے:مریم نواز کی انتظامیہ کو ہدایت
وزیراعلیٰ سے وفاقی وزیرخزانہ اورنگزیب اور وزیرپٹرولیم علی پرویزکی ملاقات ، پٹرولیم مصنوعات کیلئے بچت پالیسی پر اتفاق آج عورت بااختیار ،پنجاب کی بیٹیاں ریڈ لائن ہیں، ان کے تقدس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا:مریم نواز کایوم خواتین پر پیغام
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے گزشتہ روز ملاقات کی اور جنگ کی وجہ سے پیداہونے والی صورتحال پر غور کیاگیا جبکہ پنجاب میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی، ڈیمانڈ اور ذخائر کاجائزہ لیاگیا۔جنگ کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد میں توازن کے لئے بچت پالیسی پر اتفاق کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے زرعی استعمال کے لئے ڈیز ل کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کی مانیٹرنگ پر اتفاق کیا گیا اور وزیراعلیٰ نے پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے پر سخت کریک ڈاؤن کی ہدایت کی جبکہ ضلعی انتظامیہ کو پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کی مسلسل مانیٹرنگ کا حکم دیاہے ۔پیرا اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو صورتحال کی نگرانی اور کارروائی کی ہدایت کی گئی۔مریم نواز نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پٹرول پمپس پر عوام کو لائنوں میں نہ لگنا پڑے ، پنجاب بھر میں مقررہ نرخ سے زائد پٹرولیم مصنوعات بیچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری قوم کو ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہوگا،معاشی تحفظ کے لئے فوری فیصلے ناگزیر ہیں۔اجلاس میں پٹرول، ڈیزل، ایل این جی اور دیگر ذخائر کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور بتایاگیا کہ عالمی بحران کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت کے لئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔مریم نواز نے یومِ خواتین پر اپنے خصوصی پیغام میں پنجاب سمیت دنیا بھر کی خواتین کوخراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ میں صرف پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ نہیں بلکہ میں ہر اس عورت کی آواز ہوں جسے دبایا گیا تھا۔پنجاب کی بیٹی اب کمزور نہیں بلکہ ریاست کا مضبوط ترین بازو ہے ، مظلوم نہیں معمارِ وطن ہے ۔تعلیم، تحفظ اور صحت کی سہولت سے لے کر اقتدار کی راہداریوں تک آج پنجاب کی عورت بااختیار ہے ۔پنجاب کی بیٹیوں کو صرف اعداد و شمار نہیں رہنے دیا بلکہ انہیں پالیسی ساز، محافظ اور مفکر بنایا ہے ۔میری نگرانی میں اب کسی کی جرات نہیں کہ وہ پنجاب کی کسی بیٹی کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے ۔پنجاب کی بیٹیاں میری ریڈ لائن ہیں ان کے تقدس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ان کا کہناتھاکہ پنجاب کی ہر بیٹی کو اس مقام پر دیکھنا چاہتی ہوں جہاں وہ کسی کی محتاج نہ ہو،جب ایک عورت بااختیار ہوتی ہے ، تو پوری نسل بااختیار ہوتی ہے ۔